مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کرنے کی سازش،مسلمان ہرگز خوفزدہ نہ ہوں
مسلمانوں کی آبادی میں اضافہ کا کیسٹ 50 سال سے بجایا جارہا ہے
مہنگائی،بیروزگاری اور بھوک پر بات کریں،من کی بات سے پیٹ نہیں بھرتا
تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں مجلس نے نشستوں کی تعداد کا ابھی فیصلہ نہیں کیا!
وقارآباد میں صدرمجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی کا خطاب
وقارآباد: 21۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع مستقر کے شیواریڈی پیٹ میں جلسہ رحمت للعالمینﷺ سےخطاب کرتے ہوئے بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہاکہ مسلمان نماز قائم کریں،احادیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کاخوف دلوں سے نکالنا ہو تو درود شریف و سلام کثرت سے پڑھاکریں۔اپنی اولاد کو پیغمبر اسلام ﷺ سے محبت کا سبق سکھائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی داڑھی اور ٹوپی کے معاملہ میں ڈرائے گا تو ہم ایسے واقعات سے گزرچکے ہیں کیونکہ ایسے ظالم یا تو مسلمان ہوگئے یا اللہ نے انہیں برباد کردیا۔
بیرسٹراسدالدین اویسی نے کہا کہ اللہ صرف مسلمانوں کا نہیں رب العالمین تمام مذاہب کے ساتھ ناانصافی کو برداشت نہیں کرے گا۔انہوں نے کربلا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج یزید کا کوئی نام لینے والا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے سامنے کوئی طاقت حیثیت نہیں رکھتی، اقتدار آج ہے کل نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بادشاہوں کے کھنڈرات دیکھ کر سبق حاصل کریں۔انہوں نے نریندرمودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ گجرات کے چیف منسٹر تھے تب ہزاروں مسلمانوں کو شہید کیا گیا۔اور جب آپ وزیراعظم بن گئے تو گجرات کے درندوں کو آزاد کردیا گیا۔انہوں نے فرعون،یزید اور نمرود کا حوالہ بھی دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب نشان عبرت ہیں۔
بیرسٹر اویسی نے انہوں نے کہا کہ یہ وطن ہمارا ہے ہمارا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ احمق،پاگل اور بزدل تھے جو دوسرے ملک چلے گئے۔
مہاتماگاندھی،جواہر لال نہرو،نیتا جی سبھاش چندرابوس کےساتھ مل کر ہمارے آبا وا جداد نے بھی ملک کی آزادی کی لڑائی لڑی تھی۔
ڈائس پر وقارآباد ضلع مستقر کےمجلسی قائدین محمد فخرالدین،مولانا اظہروارثی، مولانا اسلم رضا، مولاناسرفراز،مشتاق احمد،شیخ غوث،محمدشریف،ایم اےعلیم،محمد فیروز،صدر مجلس اتحادالمسلمین تانڈورعبدالہادی شہری،صدرمجلس کوڑنگل ایس بی گلشن،محمد اطہر صدر مجلس ظہیر آباد اور دیگر موجود تھے۔
وقارآباد میں منعقدہ اس جلسہ رحمت للعالمینﷺ میں وقارآباد کے علاوہ چیوڑلہ، پرگی،کوڑنگل، تانڈور،ظہیرآباد،سداشیوپیٹ،مومن پیٹ کےعلاوہ دیگر مقامات سے بڑی تعداد میں حاضرین نے شرکت کی۔
” وقارآباد میں صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی کا مکمل خطاب ":-