آندھرا پردیش میں کسٹمس عہدیداروں نے زائداز سات کروڑ روپئے مالیتی
13 کلوسونا اور چار کروڑ روپئے نقد ضبط کرلیے، چار گرفتار
وجئے واڑہ: 21۔اکتوبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)
پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کےمحکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے بڑی مقدار میں اسمگلنگ کیا جانے والا سونا اور کروڑہا روپئے پرمشتمل نقد رقم ضبط کرلی ہے۔
سونا کی اسمگلنگ کے متعلق اطلاع کےبعد محکمہ کسٹمس آندھراپردیش کے عہدیداروں نے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے زائد از 11 کروڑ روپئے مالیتی سونا ضبط کرلیا جو کہ اسمگلنگ کیا جارہا تھا۔عہدیداروں نے کاکناڈا، نیلور،ایلورو، سولور پیٹ اور چلکالوری پیٹ کے علاوہ دیگر مقامات پر ایک ساتھ مشترکہ آپریشن انجام دیا۔
اس مشترکہ آپریشن کی انجام دہی کے لیے 100 عہدیداروں پرمشتمل 20 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔اور ان ٹیموں نےایک ساتھ مختلف مقامات پر تلاشی کارروائی انجام دی۔
محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں کی ایک ٹیم نے چنئی سے سولور پیٹ آنے والے ایک شخص کے قبضہ سے پانچ کلو سونا ضبط کرتے ہوئے اس کو گرفتار کرلیا۔
محکمہ کسٹمس،وجئے واڑہ کے ٹوئٹ کےمطابق ان دھاؤوں کے دؤران عہدیداروں نےجملہ 13 کلو 189 گرام سونا ضبط کرلیا۔جس کی قیمت 6کروڑ 7 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔اور ساتھ ہی محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں کی ٹیم نے 4 کروڑ 24 لاکھ روپئے پرمشتمل نقد رقم بھی ضبط کی ہے جس کا کوئی حساب کتاب نہیں ہے۔
محکمہ کسٹمس،وجئے واڑہ کےمطابق اسمگل کیے جانے والےضبط شدہ سونا کےان بسکٹوں پرغیر ممالک کی مہر ثبت ہے۔اور اس سونا اور رقم کی ضبطی کی کارروائیوں میں چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔جنہیں ڈائرکٹوریٹ آف ریونیو انٹلی جنس DRI# کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش میں بھی سونا کی اسمگلنگ کے واقعات عروج پر ہیں۔اور محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے ان اطلاعات کے بعد مذکورہ بالا مقامات کے ریلوے اسٹیشنوں،بسوں اور کاروں کی تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔اب اس تلاشی مہم کے دؤران اتنی بڑی مقدار میں سونا اور نقد رقم کی برآمدگی کے بعد خود محکمہ کسٹمس کے عہدیدار حیرت میں پڑگئے ہیں۔
گزشتہ ماہ بھی آندھراپردیش میں محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے ایک خانگی ٹراویلس کی بس سے کروڑہا روپئے مالیتی سونا ضبط کیا تھا۔وہیں 15 اکتوبر کوہی محکمہ کسٹمس وجئے واڑہ کےعہدیداروں نے وشاکھاپٹنم کےریلوے اسٹیشن سے 63 لاکھ روپئے مالیتی غیر ملکی سگریٹ ضبط کیے تھے۔
(2/2) pic.twitter.com/1r2dykfS38
— Customs Vijayawada (@CustomsVijayaw1) October 20, 2022