ایک بہادر خاتون اپنے دس ماہ کے بچہ کو کنارے پر لٹاکر
نہر میں کودگئی اور ڈوبنے والے 25 سالہ نوجوان کو بچالیا
بھوپال:04۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
مدھیہ پردیش میں سیلابی پانی سے لبریز نہر میں ڈوبنے والے ایک25 سالہ نوجوان کوایک خاتون نے انتہائی بہادری اور دلیری کامظاہرہ کرتے ہوئے اپنے دس ماہ کےبچے کونہر کےقریب لٹاکر نہر میں کود گئی اور نوجوان کو بچالیا۔تاہم بدقسمتی سے اس نوجوان کے دوست کو نہیں بچایا جاسکا۔
دستیاب اطلاعات کے مطابق ربینہ کنجر30سالہ) Rabina Kanjar#جمعرات کے دن پانی بھرنے کی غرض سے اپنے دس ماہ کے بچے کو بانہوں میں اٹھائے نہر پر پہنچی تھی۔وہیں دو نوجوان سیلابی پانی سے لبریز پُل کو پارکرنے کی کوشش کررہے تھے۔
مقامی پولیس اسٹیشن کے انچارج بی پی سنگھ نے بتایا کہ بھوپال ضلع کے کڈھائیاکلا گاؤں کارہنے والا راجو اہیروار(25 سالہ)اور اس کا دوست جتیندر اہیروار جمعرات کے دن پڑوسی کھجوریا گاؤں میں ایک کھیت میں کیڑے مار دوا چھڑکنے کی غرض سے گئے ہوئےتھے۔اور دوپہر کو بہت زیادہ بارش ہوئی اور واپسی کے دوران ان دونوں نے دیکھا کہ دونوں گاؤں کو ملانےوالی نہر پانی سے لبریز ہوچکی ہے اور اس کے پُل کے اوپر سے سیلابی پانی بہہ رہا ہے۔
پُل کی دوسری جانب کھڑے ہوئے ان کے دوستوں نے چیخ کر اور اشاروں سے انہیں اس پُل کو پار نہ کرنے کے لیے کہا۔انہوں نے موٹر سائیکل کی چابیاں بھی پھینکیں تاکہ اس جانب موجود موٹرسیکل کے ذریعہ یہ دونوں متبادل راستہ اختیار کرکےاپنے گاؤں پہنچ سکیں۔تاہم چابیاں ان دونوں تک نہیں پہنچیں اور نہر کے پانی میں بہہ گئیں۔
پُل کی دوسری جانب سے انتباہ کے باوجود دونوں نوجوانوں نے اس پُل کو پارکرنے کا فیصلہ کیا۔وہیں موجود ربینہ کنجر یہ سب دیکھ رہی تھیں۔ان دونوں میں سے وہ ایک نوجوان راجواہیروار کو جانتی تھیں اور انہوں نے انہیں خبردار بھی کیا کہ وہ پانی میں نہ جائیں۔
تاہم تھوڑی ہی دیر بعد راجو دیدی،دیدی،بچاو، بچاو چلانے لگا اور شدت کے ساتھ اس خاتون ربینہ کنجر کو مدد کے لیے اشارہ کرنے لگا۔اس کے رونے کی آواز سن کر ربینہ کنجر نے فوری اپنے 10 ماہ کے بچے کو نہر کے کنارے زمین پر لٹا دیا اور بے خوف پانی میں چھلانگ لگادی۔ربینہ نے راجو کوبحفاظت نہر سے نکال لیا۔اورپھر ربینہ کنجرنے راجو کے دوست جتیندراہیروار کو بھی اسی طرح بچانےکی کوشش کی لیکن ناکام رہی۔جتیندر کی لاش کو جمعہ کے دن ضلع انتظامیہ نے غوطہ خوروں کی مدد سے نہر سے نکالا۔

اس واقعہ کےمتعلق میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس بہادر خاتون ربینہ کنجر نے بتایا کہ نہر میں سے دیدی بچاو کی آواز پر میں نےبلاتاخیر نہر میں چھلانگ لگائی اور قریب ہی موجود راجو کو کھینچ لیا۔کیونکہ میں اس کو جانتی ہوں،وہ میرے گاؤں کا ہی ہے۔اور میں تیراکی جانتی ہوں۔ربینہ کنجر نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین تھا کہ میں راجو کے دوست جتیندر کو بھی بچالوں گی لیکن اس کو نہیں بچاپائی اور وہ بہہ گیا۔
پولیس نے اس ربینہ کنجر کو اس بہادری والے کارنامے پر نقد انعام دیا۔ربینہ کا بھائی پولیس کی قیادت میں ریسکیو آپریشن میں شامل تھااسے بھی انعام دیا گیا۔

