مجلسی رکن اسمبلی جعفرحسین معراج کا دورہ تانڈور، آگ کی نذر ہونے والے دفتر عیدگاہ کا مشاہدہ، ڈی ایس پی سے ملاقات،کارروائی کا مطالبہ

وقارآبادضلع : مجلسی رکن اسمبلی جعفر حسین معراج کا دورہ تانڈور
آگ کی نذر ہونے والے دفتر عیدگاہ کا مشاہدہ،مسلمانوں سےتحمل برتنے کی اپیل
ڈی ایس پی شیکھرگوڑ سے ملاقات،خاطیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

وقارآباد/تانڈور:20۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

کل ہندمجلس اتحادالمسلمین کےرکن اسمبلی حلقہ نامپلی،حیدرآباد جناب جعفرحسین معراج نےصدرکل ہندمجلس اتحادالمسلمین ورکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹراسدالدین اویسی کی ہدایت پر آج بروز ہفتہ وقارآبادضلع کےشہر تانڈور کا دورہ کرتے ہوئے چنگیز پور روڈ پر موجود عیدگاہ (جدید ) پہنچ کر اس کے دفتر کامشاہدہ کیا۔جہاں کل آتشزدگی کے باعث اس دفتر میں موجود عیدین کے موقع پر بچھائی جانے والی سینکڑوں جائے نمازیں،شطرنجیاں، کرسیاں،فرنیچر، دستاویزات اور دیگر اشیا جل کر راکھ ہوگئی تھیں۔

اس سلسلہ میں کل عیدگاہ کا دورہ کرنے کے بعد رکن اسمبلی تانڈورپائلٹ روہت ریڈی نے کہاتھا اور صدرعیدگاہ وقبرستان کمیٹی محمدیوسف خان نے الزام عائد کہا تھا کہ یہ واقعہ شرپسندانہ حرکت ہے اور تانڈور کی پرامن فضا کو نقصان پہنچانے کی غرض سے عیدگاہ کے دفتر میں آگ لگائی گئی ہے۔عیدگاہ کمیٹی نے نقصانات کا تخمینہ 20 لاکھ روپئے بتایا ہے۔

مکمل طور پر خاکستر ہونے والےعیدگاہ تانڈور کے دفتر کامشاہدہ کرنے کے بعدمجلس کے رکن اسمبلی حلقہ نامپلی جعفرحسین معراج نے صدر عیدگاہ کمیٹی محمدیوسف خان،صدرمجلس اتحادالمسلمین تانڈور عبدالہادی شہری،امیر منتظمہ محمدخورشیدحسین،صدرمسلم ویلفیئراسوسی ایشن محمد بابر،نائب صدر ایم اےعلیم شلو،مجلسی فلورلیڈربلدیہ سیدساجد علی کے علاوہ دیگرمسلم ذمہ داران،عیدگاہ کمیٹی کےعہدیداران اور نوجوانوں کی کثیر تعدادسے خطاب کرتے ہوئے عیدگاہ کے دفتر کو نذرآتش کیے جانے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ شرپسندانہ اقدام ہے اور امن کو بگاڑنے کی ایک ساز ش ہے۔انہوں نے مقامی مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ صبروتحمل کا مظاہرہ کریں،امن قائم رکھیں اور ہرگز مشتعل نہ ہوں۔

رکن اسمبلی نے کہا کہ آج ہی وقف بورڈ انسپکٹر ایم اے قدیر نے تانڈور کے اس تباہ شدہ عیدگاہ کے دفتر کے تمام حالات کا جائزہ لیتے ہوئے ایک رپورٹ تیار کی ہے۔

رکن اسمبلی جناب جعفر حسین معراج نے اس موقع پر صدرنشین ریاستی وقف بورڈ مسیح اللہ خان سے فون پر بات کرتے ہوئے عیدگاہ تانڈور میں پیش آئے واقعہ سے واقف کروایا اور کہا کہ وقف انسپکٹر کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد وہ عیدگاہ تانڈور کے لئے درکار فنڈ کی اجرائی کو یقینی بنائیں۔

بعدازاں مجلسی رکن اسمبلی حلقہ نامپلی جعفرحسین معراج نے صدر مجلس اتحادالمسلمین تانڈور عبدالہادی شہری،صدرعیدگاہ کمیٹی محمد یوسف خان، امیر منتظمہ مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن محمدخورشید حسین،مجلسی فلور لیڈر بلدیہ سیدساجد علی کے ساتھ دفتر پولیس سب ڈیوثرنل پہنچ کر ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ سے ملاقات کی اور مطالبہ کیاکہ اس معاملہ میں تیز رفتار تحقیقات کے ذریعہ شرپسندوں کو گرفتار کیاجائے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کو اور امن کی برقراری کو یقینی بنایا جائے۔

رکن اسمبلی جناب جعفرحسین معراج نے ڈی ایس پی مسٹر جی۔شیکھرگوڑ سے کہاکہ تانڈور کے پرامن ماحول کو بگاڑنے کی غرض سے ہی عیدگاہ کے دفتر کو نذرآتش کیاگیا ہے۔جس سےمسلمانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔جس پر ڈی ایس پی مسٹر جی۔شیکھر گوڑنے تیقن دیا کہ اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور کسی بھی حال خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ڈی ایس پی نے بھی کہا کہ تانڈور میں امن و امان کی برقراری ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔


رکن اسمبلی جناب جعفرحسین معراج کے دورہ عیدگاہ کے موقع پرعبدالحمید شہری،سیدعبدالغفورپاشاہ،ایم اے ستار مجاہدی،غلام مصطفیٰ پٹیل،محمد قیصر،عمران خان،مجلسی قائدین بی آرمحمد یونس،نبی صابر،انورخان،ایم اے روف خان،محمداظہرمعروف،عمرخان،محمد وسیم اور دیگر موجود تھے۔

” کل 19 اگست کو عیدگاہ تانڈور کے مقفل دفتر/اسٹور روم میں آگ کی تفصیلی خبر اس لنک پر”

عیدگاہ تانڈور کا دفتر آگ کی نذر، سینکڑوں جائے نمازوں کے ساتھ فرنیچر اور دیگر اشیاء جل کر خاکستر، شرپسندی کا شبہ! ایم ایل سی اور ایم ایل اے کا دورہ