وقارآبادضلع: عیدگاہ تانڈور کا دفتر مکمل طور پر آگ کی نذر
سینکڑوں جائے نمازوں کے ساتھ فرنیچر اور دیگر اشیاء جل کر خاکستر
امن و امان مکدر کرنے کی شرپسندانہ کوشش: ایم ایل اے کا بیان
ایم ایل سی،صدرنشین بلدیہ،مسلم قائدین اور دیگر نے بھی عیدگاہ کا دؤرہ کیا
وقارآباد/تانڈور: 19۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ کے ضلع وقارآباد کے تانڈور شہر کی چنگیز پور روڈ پر دس ایکڑ اراضی پر موجود جدیدعیدگاہ کےدفتر میں آگ کےباعث دفترمکمل طور پر جل کرخاکستر ہوگیا۔اس میں بڑی تعداد میں موجود جائے نماز،کرسیاں،دستاویزات اوردیگر اشیاءجل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئیں۔اس واقعہ پر مقامی مسلمانوں میں شدیدغصہ و برہمی پیدا ہوگئی ہے۔عیدگاہ کمیٹی کے ذمہ داران کی جانب سے الزام عائد کیا جارہا ہےکہ یہ شرپسندانہ حرکت تانڈورکے امن و امان کو مکدر کرنے اوراشتعال پیدا کرنے کی غرض سے کی گئی ہے!!۔
اس سلسلہ میں ڈی ایس پی تانڈورمسٹر جی۔شیکھرگوڑ نے نمائندہ سحرنیوزڈاٹ کام کو بتایا کہ عیدگاہ کمیٹی کی شکایت پر پولیس نے ایک ایف آئی آر درج کرلی ہے۔اور پولیس نے اس سارے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
اس واقعہ کی تفصیلات کےمطابق آج صبح 7بجے کسی نے صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی محمدیوسف خان کو فون کرکے اطلاع دی کہ عیدگاہ کے دفتر میں آگ لگی ہے۔اطلاع کےفوری بعد وہ عیدگاہ پہنچ گئے تودیکھا کہ دفتر کالکڑی سے بناہوا دروازہ مکمل طور پر غائب تھا اور دفتر کے اندرونی حصہ میں آگ لگی ہوئی تھی۔اس وقت تک اس دفتر میں عیدین کی نمازوں کے مواقع پر استعمال کی جانے والی سینکڑوں جائے نمازیں،ضعیف نمازیوں کے لیے استعمال کی جانے والی 7 وہیل چیئرز کے علاوہ دفتر کا مکمل فرنیچر اور اس میں موجود دستاویزات اوردیگر اشیا جل کر راکھ میں تبدیل ہوگئی تھیں۔فائر انجن کو طلب کرتے اس آگ کو بجھایا گیا۔
” واقعہ کا مکمل ویڈیو،ایم ایل اے تانڈور،ایم ایل سی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ اور صدر عیدگاہ کمیٹی کے بیانات اس ویڈیو میں ”
اس واقعہ کی اطلاع کےبعد ایم ایل سی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی اور رکن اسمبلی تانڈورپائلٹ روہت ریڈی نے علحدہ علحدہ طور پر عیدگاہ پہنچ کر مشاہدہ کیا اور تفصیلات حاصل کیں۔صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈاسواپنا پریمل،تحصیلدار تانڈورچنااپالا نائیڈو،ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھرگوڑ،سب انسپکٹر پولیس تانڈور(رورل)مدھوسدھن ریڈی،صدرمسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈورمحمد بابر،نائب صدرایم اے علیم شلو،جنرل سیکریٹری مولانامحمدعثمان غنی اور دیگر مسلم ذمہ داران عیدگاہ پہنچ گئے اور جل کر خاکستر ہونے والے عیدگاہ کے دفتر کا مشاہدہ کیا۔
بعدازاں رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیرٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے عیدگاہ کے دفتر میں پیش آئے اس واقعہ پر شدید افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نقصانات کےتخمینہ کی تفصیلات کے حصول کے بعد فنڈ کی اجرائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے بھی عیدگاہ کے دفترمیں مہیب آگ اور اس سے ہونے والی تباہی پر شدید افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔رکن اسمبلی نے واضح طور پر کہا کہ اس آتشزنی کے واقعہ میں جوکوئی بھی ملوث ہیں ان کےخلاف سخت قانونی کارروائی کوممکن بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا وہ اس سلسلہ میں پولیس عہدیداروں سےبات کریں گےاور اس واقعہ کے پیچھے کون ہیں اس کی تحقیقات اور ان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ سے بھی نمائندگی کی جائے گی۔
رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ تانڈور ایک امن اور گنگاجمنی تہذیب کاگہوارہ ہےجہاں تمام لوگ مل جل کر رہتے ہیں اور تانڈور میں ایسے واقعہ کا پیش آنا انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ تانڈور میں تمام مذاہب کے لوگ مل جل عیدین اور دیگر مذہبی تہوار مناتے ہیں۔ایسے میں ایک مذہبی مقام پر ایسا واقعہ بدبختانہ ہے۔انہوں نےکہا کہ وہ اس واقعہ سے وزیراعلٰی کے سی آر کو بھی واقف کروائیں گے
انہوں نے تمام سے امن قائم رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعہ کی اطلاع کے فوری بعد وہ حیدرآباد سے سیدھے عیدگاہ پہنچے ہیں۔رکن اسمبلی نے اعلان کیا کہ عیدگاہ میں ان کے فنڈ سےسی سی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔اور آگ کے باعث جو نقصان ہوا ہے اس کے معاوضہ کی بھی اجرائی کو یقینی بنایا جائے گا۔رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے بالخصوص مسلمانوں سے صبر وتحمل کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ کی پولیس کی جانب سے مکمل تحقیقات عمل میں لائی جائے گی اور اس واقعہ میں ملوث شرپسندوں اور ان کے پیچھے موجود طاقتوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔رکن اسمبلی نے اس موقع پر اندیشہ جتایا کہ جان بوجھ کر یہ حرکت کی گئی تاکہ تانڈور میں موجود امن و امان کو نقصان پہنچے!!
اس سلسلہ میں صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی محمد یوسف خان نے سحرنیوزڈاٹ کام کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ حرکت امن و امان کو مکدر کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔انہوں نے انکشاف کیاکہ برقی شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ دفتر عیدگاہ میں برقی میڑ ہی نصب نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس آگ سے 15 لاکھ روپئے کا نقصان ہوا ہے۔جس میں عیدین کے مواقع پر پانچ ایکڑ سے زائد اراضی پربچھائی جانے والی سینکڑوں جائےنمازیں بھی شامل ہیں۔محمدیوسف خان نےتمام مسلمانوں بالخصوص مسلم نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ہرگزمشتعل نہ ہوں پولیس اس واقعہ میں ملوث شرپسندوں کو گرفتار کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ چند دن قبل ہی عیدگاہ کےمیناروں کے کلس کے علاوہ دفتر میں بھی قفل شکنی کے ذریعہ سرقہ کی وارداتیں پیش آچکی ہیں جس کی شکایات پولیس میں درج کروائی گئی تھیں۔صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی محمد یوسف خان نے شبہ ظاہر کیا کہ شرپسندوں نے دفتر کا لکڑی سے بنا ہوا دروازہ توڑ دیا اور اس کو جائے نمازوں پر ڈال کر آگ لگاکر فرار ہوگئے!! آگ اتنی شدید تھی کہ آر سی سی کے دفتر کی چھت میں بھی دراڑیں پڑگئی ہیں۔
دوسری جانب عیدگاہ تانڈور میں موجود دفتر میں پیش آئے اس آتشزنی کے واقعہ کی صدرمجلس اتحادالمسلمین تانڈور عبدالہادی شہری نے شدیدمذمت کرتےہوئے بتایاکہ انہوں نے اس واقعہ کی تفصیلات سے صدرکل ہندمجلس اتحادالمسلمین ورکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹراسدالدین اویسی کو واقف کروادیا ہے۔اور ساتھ ہی ڈی ایس پی تانڈور مسٹر جی۔شیکھرگوڑ سے بھی نمائندگی کی ہے کہ اس واقعہ کی تحقیقات اورخاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔