بھوپال: آر ٹی او کےمحل نما مکان پر دھاوا، آمدنی سے 650 گُنا زائد کے غیرمحسوب اثاثہ جات اور شاہانہ رہن سہن دیکھ کر عہدیدار بھی حیرت میں

آر ٹی او اور ان کی کلرک بیوی کے محل نما مکان پر دھاوا
آمدنی سے 650 گُنا زائد کے غیرمحسوب اثاثہ جات ضبط
چار مکانات،ایک فارم ہاؤس،دو لگژری کاریں،15 لاکھ نقد شامل

بھوپال: 18۔اگست
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

ملک کی چاہے کوئی بھی ریاست ہو کوئی سرکاری محکمہ شاید ہی ایساہوگا جہاں رشوت عام نہ ہو!روزخبریں آتی رہتی ہیں کہ محکمہ اینٹی کرپشن بیورو عہدیداروں نے رشوت خور سرکاری عہدیداروں اور ملازمین کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دبوچ لیا۔پھر بھی ایسی خبریں عام ہیں۔

مدھیہ پردیش کےجبلپور میں ایک سرکاری عہدیدار جوڑےکے گھر پر جب رشوت ستانی کی روک تھام والےمحکمہ اقتصادی جرائم ونگ(EOW)کے عہدیداروں نے دھاوامنظم کیا تو ضبط شدہ اثاثہ جات کی تفصیلات،سونا چاندی کے زیور،جائدادوں کے دستاویزات اور نقد رقم دیکھ کرحیرت زدہ ہوگئے۔

تفصیلات کےمطابق سنتوش پال جوکہ آر ٹی او کی خدمات انجام دےرہے ہیں اور ساتھ ہی ان کی اہلیہ لیکھاپال جوکہ ان کے ہی دفترآر ٹی او  میں بطور کلرک خدمات انجام دے رہی ہیں پر آمدنی سے زیادہ اثاثہ جات کی شکایت کےبعد گزشتہ رات ای او ڈبلیو کے عہدیداروں کی ٹیم نے ان کے مکان پر دھاوہ منظم کیا۔ان دھاؤوں کےدؤران اس جوڑےکے مکان اوران کے رہن سہن کو دیکھ کر خودعہدیدار بھی ایک دوسرے کا منہ تکتے رہ گئے۔

آر ٹی او سنتوش پال اور ان کی کلرک بیوی لیکھاپال کےاس محل نمامکان میں ایک سوئمنگ پول،انتہائی عصری ضرورتوں سے آراستہ باتھ روم جسے انگریزی میں”جاکوزی” کہاجاتا ہے اور مِنی بار Mini Bar# کےساتھ پرتعیش خصوصیات نےعہدیداروں کو چونکادیاکہ اس مکان میں کسی فائیو اسٹار ریسارٹ سے زیادہ سہولتیں موجود ہیں۔

دس ہزار مربع فیٹ پرمشتمل آر ٹی اوکے اس محل نما مکان میں ایک جدید ہوم تھیٹر اور ایک عصری سہولتوں سے آراستہ دفتربھی موجود ہے۔ ان دھاؤوں کے دوران عہدیداروں نےاس مکان سے مزید چار مکانات اور ایک فارم ہاؤس کے دستاویزات،15 لاکھ روپئے نقد،مہنگے زیورات، لگژری کاریں اور موٹرسیکلوں کے دستاویزات بھی ضبط کیے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہواہے کہ آر ٹی اوسنتوش پال اور ان کی کلرک بیوی لیکھاپال کے پاس سے ان کی آمدنی سے 650 گنا زائد غیر محسوب اثاثہ جات ضبط کیے گئے ہیں۔اور ان دونوں کے خلاف ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔