وقارآباد ضلع میں کار کی موٹرسیکل کو ٹکر، ایک ہی موضع کے تین میستری ہلاک

وقارآباد ضلع میں کار کی موٹرسیکل کو ٹکر
ایک ہی موضع کے تین میستری ہلاک

وقارآباد: 30۔جون(سحر نیوز ڈاٹ کام)

وقارآبادضلع میں آج صبح پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں موٹرسیکل کو کار کی ٹکر کے باعث تین افراد ہلاک ہوگئے۔جن کا تعلق ایک ہی موضع اور ایک ہی پیشہ سے تھا۔

اس حادثہ کی تفصیلات کے مطابق حلقہ اسمبلی پرگی کے نسکل کے ساکن خواجہ میاں،موہن اور انجیا جو کہ پیشہ سے سانیٹرنگ کا کام کرتے تھے
آج صبح حسب معمول کام کی غرض سے ہونڈا شائن موٹرسیکل نمبر TS 34 D 1725 پر سوار یہ تینوں وقارآباد آرہے تھے کہ درمیان میں موضع گوٹی موکل گیٹ کےقریب وقارآباد سے پرگی کی سمت تیز رفتاری کے ساتھ جارہی کار نمبر TS 09 EU 8770 نے45-7 بجے صبح مخالف سمت سے موٹرسیکل کو ٹکر دے دی۔

حادثہ اتنا خوفناک تھا خواجہ میاں اور موہن کی جائے حادثہ پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ شدید زخمی انجیا کو حیدرآباد کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں دؤران علاج وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاسکا۔

کار ڈرائیور کی لاپرواہی اور کار کی تیز رفتاری کے باعث اس خوفناک حادثہ میں موٹرسیکل کے پرخچے اڑگئے۔بتایا جارہا ہے کار اور ڈرائیور کا تعلق راجیو نگر کالونی وقارآباد سے ہے۔

وقارآباد پولیس نے بعد پنچنامہ نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم وقارآباد کے ایریا ہسپتال کو منتقل کردیا۔اس سلسلہ میں ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے پولیس مصروف تحقیقات ہے۔کار اور حادثہ کا شکار موٹرسیکل کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

اس حادثہ میں ایک ہی موضع نسکل کے ساکن ان تینوں مزدور پیشہ افراد کی المناک موت کے بعد موضع نسکل میں غم اور افسوس کی لہر دؤڑ گئی ہے کہ کئی سال سے خواجہ میاں،موہن اور انجیا روزآنہ صبح اسی طرح موٹرسیکل کےذریعہ وقارآباد کے علاوہ پرگی اور دیگر مقامات تک جاکر کام کرتے تھے کہ آج حادثہ کا شکار ہوگئے۔