حکومت تلنگانہ کی جانب سے قدیم تانڈور کے ریلوے گیٹ پر
روڈ اؤور بریج کی تعمیر کے لیے 74 کروڑ روپئے منظور،جی او جاری
عوام کی برسوں قدیم مشکلات ختم ہوں گی،رکن اسمبلی تانڈور کا بیان

وقارآباد/تانڈور: 30۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام )
وقارآبادضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈور کے قدیم تانڈور ریلوے گیٹ پر برسوں سے عوامی مطالبہ تھا کہ دن رات ٹرینوں کے گزرنے کے دؤران بند کیے جانے والے ریلوے گیٹ سے ہونے والی مشکلات سے چھٹکارہ دلوانے کے لیے اس ریلوے گیٹ پر روڈ اوؤر بریج یا روڈ انڈر بریج تعمیر کیا جائے۔ قدیم تانڈور کے عوام کا یہ جائز مطالبہ اور برسوں قدیم یہ خواہش اب پوری ہونے جارہی ہے۔
قدیم تانڈورکے ریلوے گیٹ پر”روڈ اوؤر بریج”Road Over Bridge” کی تعمیر کے لیے آج 30 جون کوریاستی حکومت نے 74 کروڑ روپئے منظور کرتے ہوئے اس سلسلہ میں جی او نمبر 235 جاری کردیا ہے۔

ایم ایل اے کیمپ آفس سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی انتھک جدوجہد اور مسلسل نمائندگی کے بعد ریاستی وزیرتعلیم و انچارج وزیرضلع وقارآباد مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی،رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی کےتعاون اور ان کی موثر نمائندگی پر وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ اور ریاستی وزیر بلدی نظم نسق کے۔تارک راماراؤنے قدیم تانڈور کے ریلوے گیٹ پر روڈ اوؤر بریج کی تعمیر کے لیے رقمی منظوری کے ساتھ ساتھ جی او جاری کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔
اس سلسلہ میں رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نےریلوے اوؤر بریج کی تعمیرکےلیے 74 کروڑ روپئے کی منظوری اور جی او کی اجرائی پر
ریاستی وزیر آراینڈ بی ویمولا پرشانت ریڈی اور محکمہ آراینڈ بی کےخصوصی عہدیدار سرینواس راجو کےتعاون کو بھی ناقابل فراموش قرار دیا ہے۔
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ قدیم تانڈور کے ریلوے گیٹ پر فلائی اوور بریج کی تعمیر سے قدیم تانڈور کے 20 ہزار سے زائد عوام کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل ہوگی اور انہیں ریلوے گیٹ سے درپیش مشکلات و پریشانیوں کا خاتمہ ہوگا۔
رکن اسمبلی نے کہا کہ انتخابات کےموقع پر ان کی جانب سے کیے گئے اس وعدہ کی تکمیل ہوگی۔ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ انہوں نے انتخابات کے موقع پر تانڈور کی بے مثال ترقی اور عوام مسائل کے حل کے جتنے وعدے عوام سے کیے تھے ان تمام وعدوں کوآئندہ انتخابات سے قبل عملی جامہ پہنایا جائے گا۔اس موقع پر رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے عوام کو پیغام دیا کہ وہ ترقی کے معاملہ میں وہ بہت جلد ایک اور خوشخبری دیں گے۔

” قدیم تانڈور کے ریلوےگیٹ سے عوام کو ہونے والی مشکلات سے متعلق سحر نیوز ڈاٹ کام کی ایک تفصیلی رپورٹ،اس لنک کو کلک کرکے پڑھا جاسکتا ہے”

