تانڈور سے لاپتہ اناپورنا کی گمشدگی کے معاملہ کو جلدحل کیا جائے گا، لاپتہ شوہر اور دونوں بیٹیوں کی کاشی سے منتقلی کے بعد کونسلنگ : ایس پی ضلع وقارآباد کوٹی ریڈی

تانڈور سے لاپتہ اناپورنا کی گمشدگی کے معاملہ کو جلدحل کیا جائے گا
لاپتہ شوہر اور دونوں بیٹیوں کی کاشی سے منتقلی کے بعد کونسلنگ
ایس پی ضلع وقارآباد نندیالا کوٹی ریڈی کی پریس کانفرنس
وقارآباد:28۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کہاہے کہ پورے ضلع کو دہلادینے والے تانڈورسے لاپتہ خاتون اناپورنا کی گمشدگی کے معاملہ کو جلد ہی حل کرلیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس کیس کو حل کرنے تک محکمہ پولیس سکون سے نہیں رہے گا۔اور ہم اس لاپتہ خاتون کا سراغ لگاکر ہی رہیں گے۔

قارئین کو یاد ہوگا کہ 6 مارچ کو اپنے مکان سے لاپتہ اپنی لاپتہ بیوی اناپورنا (36سالہ) کو اندرون 48 گھنٹے برآمد کرنے ورنہ دونوں بیٹیوں کے ساتھ اجتماعی خودکشی کی دھمکی دینےوالے تانڈور کےشیواجی چوک کےساکن ستیہ مورتی اور ان کی دونوں بیٹیاں پراہرشا اور اکشرا سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کرنے کے بعد خود بھی لاپتہ ہوگئے تھے۔

جنہیں ضلع پولیس نے کامیاب سراغ لگاتے ہوئے اترپردیش کے وارناسی کے کاشی کی ایک ہوٹل سے کل برآمد کیا تھا۔جو حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ سے پہلے ممبئی اور پھر بنارس روانہ ہوگئے تھے۔کاشی میں تحویل میں لے کر ضلع پولیس نےباپ اور دونوں بیٹیوں کو آج وقارآباد منتقل کیا۔

اس سلسلہ میں آج دفتر ایس پی وقارآباد میں ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا۔کوٹی ریڈی،آئی پی ایس کی موجودگی میں شوہر ستیہ مورتی اور ان کی دونوں بیٹیوں کی کامیاب کونسلنگ کرتے ہوئے انہیں تیقن دیا کہ لاپتہ اناپورنا کی تلاش جاری ہے اور پولیس اس سلسلہ میں تمام زاویوں سے تحقیقات میں مصروف ہے جلد ہی ان کا سراغ لگایا جائے گا۔ضلع ایس پی نے باپ اور بیٹیوں کوحوصلہ اور تیقن دیا گیا ہے کہ وہ ہمت سے کام لیں پولیس اپنا کام کررہی ہے۔

لاپتہ خاتون اناپورنا کے شوہر ستیہ مورتی کو بعدازاں میڈیا کے روبرو پیش کرتے ہوئے ایس پی وقارآباد مسٹر نندیالا۔کوٹی ریڈی،آئی پی ایس نے کہا کہ بیوی کی گمشدگی سے پریشان ستیہ مورتی اور ان کی دونوں بیٹیاں سوشل میڈیا پر ان کے ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد لاپتہ ہوگئے تھے اور انہیں تلاش کرنے کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔تانڈور سے حیدرآباد ایرپورٹ تک سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ ان کا کامیاب سراغ لگایا گیا۔بعدازاں انہیں بنارس کے کاشی سے واپس لایا گیا۔

اس موقع پر ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا۔کوٹی ریڈی ،آئی پی ایس نے انکشاف کیا کہ گزشتہ تین سال کے دؤران ضلع میں 450 گمشدگی کی شکایتیں درج ہوئی تھیں جس میں سے 425 شکایتوں کوحل کرلیاگیا ہے۔جبکہ مزید 25 گمشدگی کی شکایتیں کسی بھی قسم کےسراغ حاصل نہ ہونے کے باعث زیر التوا ہیں۔اس میں تانڈور کی ساکن اناپورنا کا کیس بھی شامل ہے۔

ضلع ایس پی نے انکشاف کیا کہ اناپورنا کی گمشدگی کے معاملہ میں افشا ہونے والے ملک ارجن نامی شخص کے آڈیو اور ستیہ مورتی کی جانب سے فراہم کردہ مختلف معلومات کی بنیاد پر اناپورنا کا کسی بھی طرح سراغ لگایاجائے گا۔ساتھ ہی ضلع ایس پی مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے کہا کہ اگر اس دؤران اناپورنا اپنی جانب سے لوٹ آتی ہیں تو اور بھی بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس ہلچل مچانے والےکیس کی تحقیقات ایڈیشنل ایس پی وقارآباد ضلع ڈاکٹر ایم اے رشید کی قیادت میں سی سی ایس،ٹاسک فورس اور انٹلیجنس ڈپارٹمنٹ کی ٹیموں کے ساتھ ساتھ مقامی پولیس کی ٹیمیں مصروف تحقیقات ہیں۔

ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا۔کوٹی ریڈی،آئی پی ایس نے اس موقع پرعوام کونصیحت کی کہ وہ اپنے خاندانوں اور رشتہ داروں کے ساتھ بہتر طریقہ سے پرامن زندگی گزاریں،ایک دوسرے کے جذبات اور خیالات کو اہمیت دیں اور ان کا احترام بھی کرتے ہوئے چھوٹی چھوٹی باتوں پر بنا کسی اطلاع گھرچھوڑکر نہ جائیں اور اپنے افراد خاندان کے لیے پریشانی کا سبب نہ بنیں۔

اس موقع پر ڈی ایس پی تانڈورمسٹر جی۔شیکھر گوڑ،سرکل انسپکٹران پولیس تانڈور اربن و رورل راجندرریڈی اور رام بابو بھی موجود تھے۔

 

"اس واقعہ سے متعلق مکمل تفصیلات سحرنیوز ڈاٹ کام کی ان لنکس کو کلک کرکے پڑھا جاسکتا ہے”

لاپتہ بیوی کی تلاش کے لیے تانڈور پولیس کو 48گھنٹو ں کی مہلت، بعد ازاں بیٹیوں سمیت خودکشی کا انتباہ،سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

 

تانڈور سے لاپتہ خاتون کا شوہر اور دونوں بیٹیاں حیدرآباد ایرپورٹ سے ممبئی روانہ، سی سی ٹی وی فوٹیج جاری : ڈی ایس پی شیکھر گوڑ

 

لاپتہ خاتون کے شوہر اور دونوں بیٹیوں کو تانڈور پولیس نے اترپردیش کے کاشی کی ایک ہوٹل سے تحویل میں لے لیا، تانڈور منتقلی:ضلع ایس پی