گائے اور بچھڑوں کے بشمول دیگر جانوروں کی غیر قانونی منتقلی کوروکنے کے لیے
تانڈورکے چار مختلف مقامات پر چیک پوسٹ قائم،خلاف ورزی پر ہوگی کارروائی
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس تانڈور جی۔شیکھر گوڑ کا بیان
وقارآباد/تانڈور: 29۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس تانڈورمسٹرجی۔شیکھر گوڑ نےکہا ہےکہ عیدالاضحی کےضمن وقارآباد ضلع سمیت تانڈور اسمبلی حلقہ میں بھی گائے اور بچھڑوں کی منتقل پرسخت پابندی عائد رہے گی۔اگر کوئی گائے اور بچھڑوں کی منتقلی میں ملوث ہوں تو انہیں ضبط کرتے ہوئے ان میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈی ایس تانڈور مسٹرجی۔شیکھر گوڑ نے بتایا کہ عیدالاضحی کے موقع پر گائے اور بچھڑوں کے ساتھ ساتھ غیر قانونی طریقہ سے دیگر جانوروں کی منتقلی کو روکنے کی غرض سے تانڈور میں چار پولیس چیک پوسٹس قائم کردئیے گئے ہیں جو کہ 15 دنوں تک قائم رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک چیک پوسٹ محبوب نگر روڈ پر”لکشمی نارائن پور(لچھناپور)” میں اور ایک چیک پوسٹ”ظہیر آباد روڈ پرانتارام موضع” کے قریب قائم کیا گیا ہے۔جبکہ ایک پوسٹ پڑوسی ریاست کرناٹک کی سرحدات چنچولی روڈ کے”کوتلا پور” اور بشیر آباد منڈل کے”اندر چیڑ” میں قائم کیا گیاہے۔

ڈی ایس تانڈور مسٹرجی۔شیکھر گوڑ نے کہاکہ اگر کوئی کسان اپنے جانوروں کی خریدوفروخت کرتے ہیں توفروخت کرنے والوں اورخریدنے والوں کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ گرام پنچایتوں یا بلدیات کے عہدیداروں سے خرید و فروخت کی سند یا رسید حاصل کریں اور جانوروں کی منتقلی کے دؤران اس رسید کا ساتھ میں ہونا لازمی ہوگا۔
انہوں نے انتباہ دیا کہ مذکورہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے جانور ضبط کرتے ہوئے انہیں گاؤ شالہ منتقل کردیا جائے گا۔ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور مقدمات درج کیے جائیں گے۔ڈی ایس پی نے کہا کہ جانوروں کی غیر قانونی طریقہ سے منتقلی کی اگرکسی کے پاس اطلاع ہو تو وہ پولیس کواطلاع دیں۔
ڈی ایس پی مسٹر جی۔شیکھرگوڑ نے کہاکہ غیر مجاز اور غیر سرکاری افراد کی جانب سےگاڑیوں کوروکنے والوں،ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں، جانوروں کو زبردستی گاڑیوں سے اتارنے والوں،جانوروں سے لدی ہوئی گاڑیوں اور منتقلی میں مصروف افراد کو پریشان و ہراساں کرتے ہوئے ان پر حملے کرنے والوں اور اس معاملہ میں مذہبی تناؤ پیدا کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے یہ انتباہ بھی دیاہے کہ سوشل میڈیا پر منافرت پھیلانے والے قدیم یا جدید ویڈیوز،فوٹوز یا کسی کے بھی مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والےمواد کو پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے متنبہ کیا کہ کسی بھی مذہبی عقیدہ کے خلاف سوشل میڈیا پرنفرت انگیز مواد نہ پھیلایا جائے۔اور امن و امان کی برقراری میں پولیس کے ساتھ تعاون کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بقرعید کے پرامن انعقاد کے لیے محکمہ پولیس تمام اقدامات کو یقینی بنائے گا۔


