لاپتہ خاتون کے شوہر اور دونوں بیٹیوں کو تانڈور پولیس کی ٹیم نے
اترپردیش کے کاشی کی ایک ہوٹل سے اپنی تحویل میں لے لیا
ایس پی ضلع وقارآباد این۔کوٹی ریڈی کا انکشاف
وقارآباد/تانڈور: 27۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
اپنی لاپتہ بیوی اناپورنا (36سالہ) کو اندرون 48 گھنٹے برآمد کرنے ورنہ دونوں بیٹیوں کے ساتھ اجتماعی خودکشی کی دھمکی دینے والے تانڈور کے ساکن ستیہ مورتی اور ان کی دونوں بیٹیاں اس دھمکی آمیز ویڈیوکے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور محکمہ پولیس کے فوری چوکس ہونے کے بعد سے لاپتہ تھے۔
24 جون کو ستیہ مورتی جوکہ بہوجن سماج پارٹی،وقارآباد ضلع کے صدر بھی ہیں نے اپنی دونوں بیٹیوں پراہرشا(17سالہ) اور اکشرا (13سالہ) کے ساتھ ایک سیلفی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا۔اور اسی رات سے یہ تینوں بھی اچانک مکان کو مقفل کرکے لاپتہ ہوگئے تھے۔
بعدازاں تانڈور پولیس نے ان کی تلاش کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔کل مختلف مقامات کے سی سی ٹی فوٹیج کے مشاہدہ کے بعد تانڈور پولیس نے حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے اندرونی حصہ کے سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ستیہ مورتی اپنی کار ایرپورٹ کی پارکنگ میں پارک کرکے اپنی دونوں بیٹیوں کے ساتھ ممبئی روانہ ہوگئے ہیں۔اس کےبعد سے تانڈور پولیس کی ٹیم ان کے تعاقب میں تھی۔

اسی دؤران آج تانڈور پولیس نے میڈیا کو یہ اطلاع فراہم کی ہے کہ ستیہ مورتی اپنی دونوں بیٹیوں پراہرشا اور اکشرا کے ساتھ اتر پردیش کے کاشی کی ایک ہوٹل میں۔
اسی دؤران آج بعد دوپہر ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ اور ویڈیو بیان میں بتایا گیا ہے کہ لاپتہ بیوی کے شوہر ستیہ مورتی اور ان کی دونوں بیٹیوں نے تانڈور سے روانہ ہونے سے قبل ایک دھمکی آمیز ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا کہ 48 گھنٹوں میں ان کی لاپتہ بیوی اناپورنا کا اگر پولیس نے اندرون 48 گھنٹے سراغ نہیں لگایا تو وہ اپنی دونوں بیٹیوں کے ساتھ اجتماعی خودکشی کرلیں گے۔
ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این کوٹی ریڈی آئی پی ایس کےمطابق اس کےفوری بعد تانڈورپولیس نے ان کی گمشدگی کاایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے لاپتہ باپ اور بیٹیوں کی تلاش کے لیے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں۔
ضلع ایس پی نے بتایا کہ ان تمام کے موبائل فونس بھی انہوں نے بند کردئیے تھے۔بعدازاں حیدرآباد کے شمس آبا دایرپورٹ کے عہدیداروں کی مدد سے ان کا سراغ لگایا گیا تو انکشاف ہوا کہ کہ یہ تینوں شمس آباد ایرپورٹ سے ممبئی روانہ ہوئے ہیں۔
بعدازاں پولیس نے ممبئی اور وارناسی کے لیے دوخصوصی ٹیمیں روانہ کی تھیں۔پولیس کی تحقیقات کے دؤران معلوم ہوا کہ ستیہ مورتی اور ان کی دونوں بیٹیاں اتر پردیش کے کاشی کی ایک ہوٹل میں مقیم ہیں۔
ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این کوٹی ریڈی آئی پی ایس کے مطابق تانڈور پولیس کی ایک خصوصی ٹیم وارناسی پہنچ گئی اور وہاں تلاشی کے بعد گزشتہ رات اس ہوٹل کا پتہ لگاتے ہوئے ستیہ مورتی اور ان کی دونوں بیٹیوں پراہرشا اور اکشرا کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔جنہیں تانڈور منتقل کیا جارہا ہے۔
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ سوشل میڈیا پر شوہر اور بیٹیوں کا ویڈیو وائرل ہونے کے فوری بعد ڈی ایس پی تانڈور مسٹر جی۔شیکھرگوڑ نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ستیہ مورتی کی بیوی گوری شیٹی اناپورنا (36 سالہ) 6 مارچ کو دردشکم اور دیگر امراض سے پریشان ہوکر اپنی زندگی سے مایوس ہونے والی باتیں کاغذ پرلکھ کراپنے مکان میں رکھ کرچلی گئی تھیں۔اور انہوں نے اپنا موبائل فون بھی اپنے مکان پر ہی چھوڑدیا تھا۔

8مارچ کوشوہر ستیہ مورتی کی شکایت کےبعد تانڈور پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئےفوری تحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔اور لاپتہ خاتون اناپورنا کاسراغ لگانےکے لیے تانڈور پولیس نے تلنگانہ،آندھراپردیش،مہاراشٹرا اور کرناٹک کے کئی مقامات تک اطلاع پہنچاکر تلاش کرنے کی کوشش کی تاہم کوئی بھی سراغ دستیاب نہیں ہوپایا۔تاہم تحقیقات ہنوز جاری ہیں۔
"اس واقعہ سے متعلق مکمل تفصیلات اور ویڈیو سحر نیوز ڈاٹ کام کی ان لنکس کو کلک کرکے پڑھا جاسکتا ہے۔”

