کرناٹک میں اب ماسک پہننا لازمی،احکام جاری
کوویڈ قواعد پرسختی کے ساتھ عمل کیا جائے
عوامی مقامات پر تھوکنے والوں پر بھی ہوگا جرمانہ
بنگلورو:25۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)
حکومت کرناٹک نے ملک کی چند ریاستوں میں بڑھتے ہوئے کورونا معاملات کے پیش نظر آج اعلان کیا ہے کہ ریاست کرناٹک میں اب عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہوگا اور ساتھ ہی تمام کوویڈقواعد پرسختی کے ساتھ عمل کرنا ہوگا۔کرناٹک میں اب عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والوں اور عوامی مقامات پر تھوکنے والوں کےخلاف سزا/جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
اس سلسلہ میں آج 25 اپریل 2022ء کو حکومت کرناٹک کی جانب سے Order No: CHS258/2022 جاری کردیا گیا ہے۔اور اس پر آج سے ہی عمل آوری ہوگی۔
حکومت کرناٹک کی جانب سے آج جاری کردہ مذکورہ بالا حکمنامہ میں بتایا گیا ہے کہ ریاست کرناٹک میں 28 فروری 2022ء کو ریاست میں تمام کوویڈ کی شدت میں کمی کے بعد کوویڈ قواعد اور پابندیاں برخاست کردی گئی تھیں۔تاہم اب دہلی،ہریانہ اور تمل ناڈو میں روزآنہ بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسیز کے پیش نظر ان ریاستوں میں ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔اسی طرح ریاست کرناٹک میں بھی کم تعداد میں کورونا کیس ریکارڈ ہورہے ہیں۔
کرناٹک اسٹیٹ کوویڈ۔19ٹیکنیکل اڈوائزری کمیٹی کی سفارش پر یہ حکمنامہ جاری کیا جارہا ہے کہ اب ریاست کرناٹک کے تمام عوامی مقامات کام اور ملازمت کے مقامات،پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعہ سفر کے دؤران چہرہ کو ڈھانپنا یا ماسک پہننا لازمی ہوگا۔
بالخصوص عوامی مقامات پر تھوکنے والوں پر سزا یا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔اور تمام مقامی سرکاری انتظامیہ کو اس کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔اس کے قوانین،قواعد و ضوابط کے مطابق ہدایت دی گئی ہے۔ساتھ ہی حکومت کرناٹک کی جانب سےآج جاری کردہ احکام میں کہا گیا ہے کہ عوامی مقامات اور بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں کم ازکم دو فیٹ کا انسانی فاصلہ قائم رکھنا ہوگا۔
یہ فیصلے آج پیر کے دن چیف منسٹر کرناٹک مسٹر بسواراج بومائی کی زیرصدارت منعقدہ ایک جائزہ اجلاس میں لئے گئے ہیں۔اور اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرصحت کرناٹک سدھاکر نے کہا تھا کہ ماسک پہننے سے متعلق ایک حکمنامہ جاری کیا جائے گا۔
محکمہ صحت کے بلیٹن کے مطابق کرناٹک میں آج 64 نئے کوویڈ۔19 کے کیس درج ہوئے ہیں،جبکہ یومیہ اموات صفر پر ہیں۔اس کےعلاوہ کورونا وائرس سے متاثرہ 69 مزید افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ریاست کرناٹک میں دو سال قبل کورونا وبا کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پرجملہ 39,46,998 کیس ریکارڈ ہوئے ہیں۔جن میں سے 39,05,228 متاثرین صحت یاب ہوئے ہیں۔وہیں 40,057 اموات ہوئی ہیں جبکہ ریاست میں 1,671 کورونا ایکٹیو کیس ہیں۔

