وقارآباد ضلع میں مٹی کے ڈھیر پر تنازعہ،چاقو سے دھمکانے والے سابق رؤڈی شیٹر کا اسی چاقو سے قتل

وقارآباد ضلع میں مٹی کے ڈھیر پر تنازعہ
چاقو سے دھمکانے والے سابق رؤڈی شیٹر کا اسی چاقو سے قتل

وقارآباد:12۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع کے پدیمول منڈل میں آج شام ایک مٹی کے ڈھیر کے تنازعہ پر سابق رؤڈی شیٹر کا قتل کردیا گیا۔پدیمول منڈل کے موضع گوٹلاپلی میں پیش آئے اس واقعہ نے سنسنی پیدا کردی ہے۔پولیس اورموضع کے عوام کے مطابق موضع کے ساکن تلاری اننتیا 44 سالہ کی ماضی میں پدیمول پولیس اسٹیشن میں رؤڈی شیٹ کھولی گئی تھی۔

اننتیا کے کھیت کے قریب موجود پانی کے کنٹہ(تالاب) کی اراضی میں اسی موضع کے ساکن سری سیلم نے مکان کی تعمیر کی غرض سے مٹی کا ذخیرہ کیا تھا۔جس پر اننتیا نے سری سیلم سے کہا کہ کنٹہ کی اراضی اس کی ہے لہذا اس کو 50 ہزار روپئے دئیے جائیں۔جس پر سری سیلم نے اس معاملہ کو موضع گوٹلا پلی کے بزرگوں سے رجوع کیا۔اس پنچایت نے فیصلہ کیا کہ سری سیلم،اننتیا کو 15 ہزار روپئے ادا کرے۔

تاہم سابق رؤڈی شیٹر اننتیا نے اس فیصلہ کو قبول نہیں کیا اور آج منگل کی شام اپنے ساتھ چاقو لے کر سری سیلم کی جانب سے تعمیر کیے جارہے مکان پر پہنچا اور زیر تعمیر مکان میں توڑ پھوڑ کی اور وہاں موجود سری سیلم کے افراد خاندان کو ڈرانے اور دھمکانے لگا۔

اسی دؤران برہم سری سیلم نے اننتیا کے ہاتھ سے چاقو چھین کر اس پر حملہ کردیا۔سینہ اور گردن پر چاقو کے شدید ضربات کے باعث اننتیا شدید زخمی اور خون میں لت پت ہوگیا اور جائے مقام پر ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔

اس قتل کے واقعہ کی اطلاع پر پدیمول پولیس جائے مقام پر پہنچ گئی۔اور واقعہ کی اطلاع سرکل انسپکٹرپولیس تانڈور (رورل) رام بابو کو دی۔بعد پنچنامہ مقتول اننتیا کی نعش بغرض پوسٹ مارٹم تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق اننتیا کے قتل کے بعد سری سیلم نے پدیمول پولیس اسٹیشن پہنچ کر خود کو پولیس کے حوالے کردیا؟۔سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (رورل) رام بابو نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک کیس درج رجسٹر کرلیا گیا ہے۔اورتحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔