سندور پہننا اور لگانا میرا شعوری انتخاب ہے، حجاب پہننا مسکان کا انتخاب : ایم ایل سی نظام آباد کے۔کویتا کی نظم اور ٹوئٹ

سندور پہننا اور لگانا میرا شعوری انتخاب ہے،حجاب پہننا مسکان کا انتخاب
خواتین کو فیصلہ کرنے دیں کہ وہ کس چیز کو گلے لگانے اور
پہننے میں آرام دہ ہیں۔” ہم کو مت سکھاؤ "
ایم ایل سی و سابق ایم پی نظام آباد کے۔کویتا کی ٹوئٹر پرنظم اور نصیحت

حیدرآباد: 10۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)

جنوبی کرناٹک کے چند اضلاع میں مسلم لڑکیوں کی جانب سے حجاب پہن کر کالجوں میں آنے کے خلاف زعفرانی بریگیڈ کا منظم احتجاج اور پھر کرناٹک کے ہی مانڈیا کے ایک کالج میں زعفرانی جھنڈ کی جانب سے جئے شری رام کے نعروں کے ساتھ اس کالج کی برقعہ پوش طالبہ مسکان خان کا تعاقب اس پر اللہ اکبر کے نعروں کے ساتھ اس بہادر لڑکی کی مدافعت کی سوشل میڈیا اور میڈیا کے ایک گوشہ میں زبردست سراہنا کی جارہی ہے۔

کرناٹک کے کالجوں میں مسلم لڑکیوں کے حجاب کے خلاف جاری مہم کے خلاف ملک کی کئی اہم شخصیتیں مذمت کررہی ہیں کہ یہ مسلم لڑکیوں کا مذہبی عقیدہ بھی ہے اور ساتھ ہی دستور ہند میں فراہم کی گئی آزادی بھی ان کا حق ہے۔مسلم طالبات کی درخواست پر یہ معاملہ آج سے کرناٹک ہائی کورٹ کی سہء رکنی بنچ کے زیر سماعت ہے۔

ایسے میں رکن قانون ساز کونسل MLC# و سابق رکن پارلیمان نظام آباد محترمہ کلواکنٹلا۔کویتا نے آج ٹوئٹر کے اپنے مصدقہ ہینڈل پر حجاب اور مسکان خان کی تائید میں اپنے ہاتھ سے ہندی میں تحریر کردہ ایک نظم پوسٹ کی ہے۔

رکن قانون ساز کونسل و سابق رکن پارلیمان حلقہ نظام آباد محترمہ کے۔کویتا جو کہ وزیراعلیٰ تلنگانہ کے۔چندراشکھرراؤ کی دختر ہیں۔اس ہندی پوسٹ کے ساتھ انگریزی میں لکھا ہے کہ”سندور پہننا اور لگانا میرا شعوری انتخاب ہے،حجاب پہننا مسکان کا انتخاب۔خواتین کو فیصلہ کرنے دیں کہ وہ کس چیز کو پسند کرتی ہیں اور خود کو آرام دہ محسوس کرتی ہیں۔#ہمیں_مت_سکھاؤ"

جبکہ ہندی زبان میں رکن قانون ساز کونسل و سابق رکن پارلیمان نظام آباد محترمہ کے۔کویتا نے لکھا ہے کہ:

ہندو،مسلم،سکھ،عیسائی

چاہیں ہم کسی بھی دھرم کے ہوں
ہم ہندوستانی ہیں
سندور، پگڑی۔حجاب یا صلیب (کراس) چاہے ہم جو بھی پہنیں
ہم ہندوستانی ہیں
چاے وہ ترنگا بنانے والے پنگلی وینکیا ہوں
چاہے وہ جے ہند کا نعرہ دینے والے عابد حسن سفرانی ہوں
چاہے وہ سارے جہاں سے اچھا لکھنے والے علامہ اقبال ہوں
چاہے وہ جن گن من لکھنے والے رابندر ناتھ ٹائیگور ہوں
یہ سب کہہ گئے ہم سے کہ ہم جو بھی ہیں ہم سب ہندوستانی ہیں

” محترمہ کے۔کویتا کا بیان اس ویڈیو میں دیکھا اور سنا جاسکتا ہے ”