تلگو فلم” ایف آئی آر” کے پوسٹر پر کلمہ طیبہ کی اشاعت
تانڈور میں مسلمانوں کااحتجاج، پولیس میں شکایت
ایس پی ضلع وقارآباد سے کل جماعتی مسلم قائدین کی نمائندگی
پولیس کی جانب سے فلم کے پوسٹرس عام مقامات سے نکال دئیے گئے
وقارآباد/تانڈور: 10۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)
فرقہ پرستی،مذہبی منافرت،تعصبیت اور تنگ نظری فلم انڈسٹری میں بھی بہت پہلے داخل ہوچکی ہے۔فلمیں چاہیں ہندی زبان کی ہوں یا کسی علاقائی زبان کی! زیادہ تر موضوع دہشت گردی ہوتا ہے اور اصل ویلن مسلمان!
فلموں میں دکھائے جانے والے ویلن،غنڈوں اورمنفی کرداروں کے نام اور گیٹ اپ زیادہ تر مسلمانوں کے ہی ہوتے ہیں۔
تفریح اور حب الوطنی کے پیغام کے نام پرمسلمانوں اور ان کے مذہب کو نشانہ بنانا اور مسلمانوں کی دلآزاری کرنا فلم سازوں کے لیے انتہائی آسان اور پیسے کمانے کا ذریعہ بن گیا ہے!۔وہیں سنسر بورڈس بھی ایسی فلموں کو بنا کسی کانٹ چھانٹ منظوری دے دیتے ہیں۔
کل 11 فروری سے ریاست تلنگانہ کے ساتھ ساتھ آندھراپردیش کے سینما گھروں میں تلگو فلم”ایف آئی آر FIR#” کی نمائش ہونے والی ہے۔اس فلم کا موضوع بھی دہشت گردی ہے۔

اس فلم کو تلگو فلم اداکار روی تیجہ پیش کررہے ہیں۔جبکہ اس فلم کے پروڈیوسرخود فلم کے ہیرو وشنو وشال ہیں اور اس فلم کے ڈائرکٹر منو آنند ہیں۔اس فلم کو کل 11 فروری سے سینما گھروں میں تلگو اور تمل زبان میں نمائش کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔
انٹرنیٹ پر دستیاب اس تلگو فلم کے تشہیری مواد کے مطابق یہ فلم ایک سیدھے سادھے نوجوان کی زندگی پرمشتمل ہے جو دہشت گردانہ تنظیم”داعش” ٰISIS کے سربراہ ابوبکر عبداللہ پر کی تحقیق کررہا ہے۔
اس تلگوفلم "ایف آئی آر” کے تشہیری پوسٹرس پر” کلمہ طیبہ” کی اشاعت کے ذریعہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا گیا ہے۔
ظاہر ہے کہ فلم کے پوسٹرس کسی بھی عام جگہوں پر چسپاں کیے جاتے ہیں اور چند دنوں میں یہ پوسٹرس دیواروں سے نکل کر سڑکوں پر آجاتے ہیں جس سے کلمہ طیبہ کی توہین ہوتی ہے۔
وقارآباد ضلع کے تانڈور میں کل سے اس فلم کی نمائش شانت محل تھیٹر میں کی جانے والی ہے اور اس سلسلہ میں تشہیری پوسٹرس شہر کے مختلف مقامات پر چسپاں کیے گئے ہیں۔جسے دیکھ کر آج مقامی مسلم نوجوانوں نے اسے سوشل میڈیا پر وائرل کردیا کہ فلم کے پوسٹرس پر کلمہ طیبہ کی اشاعت کے ذریعہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا گیا ہے۔
اس مسئلہ پر آج ہی مقامی مسلم قائدین عبدالہادی شہری صدر مجلس اتحادالمسلمین تانڈور،سید کمال اطہر ریاستی صدر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا(WPI)،صدر جمعیتہ علماضلع وقارآباد مولانا عبداللہ اظہر قاسمی،محمد بابر صدرمسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور،محمد یوسف خان صدر عیدگاہ کمیٹی تانڈور،ایم اےنعیم افو صدر تانڈور ٹاؤن ٹی آر ایس،ایم اے علیم شلو نائب صدرمسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور اور دیگر فوری پولیس سے رجوع ہوئے۔
دفتر ڈی ایس پی میں تانڈور کا دؤرہ کررہے ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی سے ملاقات کی اور ان سے اس تلگو فلم کے پوسٹرس پر درج کلمہ طیبہ سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ اس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔اس سلسلہ میں مسلم قائدین نے ایک تحریری شکایت بھی ضلع ایس پی مسٹر این۔کوٹی ریڈی کے حوالے کی۔

مسلم قائدین کی اس شکایت کے بعد ضلع ایس پی مسٹر کوٹی ریڈی نے فوری مقامی پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تانڈور کے تمام مقامات پر چسپاں اس سینما کے پوسٹرس کو نکالتے ہوئے بحفاظت پولیس تحویل میں رکھے جائیں۔جس کے بعد پولیس عہدیداروں کی ٹیم نے سینما تھیٹر پہنچ کر اس فلم کے تمام پوسٹرس کو اپنی تحویل میں لے لیا۔تانڈور کے تمام مقامات پر چسپاں کیے گئے پوسٹرس کو نکال کر پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔اس موقع پر ڈی ایس پی تانڈورلکشمی نارائنا،سرکل انسپکٹرپولیس تانڈور اربن راجندرریڈی،سب انسپکٹر پولیس تانڈور اربن ایم اے رؤف بھی موجود تھے۔
ساتھ ہی ضلع ایس پی نے اس مسلم قائدین کے وفد کو تیقن دیا کہ کل سے اس فلم کی تانڈور میں نمائش نہیں ہوگی اس سلسلہ میں وہ سینما تھیٹر انتظامیہ کو ہدایت دیں گے۔
مقامی مسلم قائدین نے ضلع ایس پی مسٹر این۔کوٹی ریڈی کی اس فوری کارروائی کی ستائش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر رکن بلدیہ مختار احمد،غلام مصطفیٰ پٹیل،امتیازبابا،محمداظہرمعروف،محمدوسیم،عامر شہری کے علاوہ دیگرمسلم قائدین اور نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

