حیدرآباد میں خواتین کے گلے سے چین اُڑانے والا بین ریاستی سارق اومیش کھتک گجرات کے احمد آباد سے گرفتار

حیدرآباد میں خواتین کے گلے سے چین اُڑانے والا بین ریاستی سارق
اومیش کھتک گجرات کے احمد آباد سے گرفتار،اسکوٹی بھی چوری کی تھی
سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حیدرآباد پولیس کی تیزرفتار کارروائی

حیدرآباد: 22۔جنوری (سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد میں تین دن قبل مختلف مقامات پر خواتین کے گلے سے چین اڑانے والے ایک بین ریاستی سارق کو حیدرآبادپولیس نے تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے گجرات کے احمد آباد میں گرفتار کرلیا ہے۔جس کی شناخت اومیش کھتک کے طور پر ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 19 جنوری کو حیدرآباد، سائبرآباد اورراچہ کونڈا پولیس کمشنریٹ کے حدود میں ایک اسکوٹی سوار نے چند راہ چلتی خواتین کے گلے سے چین اڑائی تھیں۔بعد ازاں یہ نامعلوم سارق ایک مقام پر اس اسکوٹی کو چھوڑکر فرار ہوگیا تھا۔

ایک ہی دن میں کئی خواتین کے گلے سے چین اڑانے کے اس واقعہ کے فوری بعد حیدرآباد پولیس نے ان واقعات کی تحقیقات کا آغاز کردیا اور مختلف مقامات کے سی سی ٹی وی کیمرہ کے فوٹیج حاصل کرتے ہوئے اس کا مشاہدہ کیا اور کامیاب تحقیقات کرتے ہوئے اندرون تین یوم حیدرآباد کے مختلف مقامات پر خواتین کے گلے سے چین اڑانے میں ملوث گجرات کے ساکن بین ریاستی سارق اومیش کھتک کو حیدرآباد پولیس نے احمدآباد پہنچ کرآج اپنی تحویل میں لے لیا اور اس سارق کو حیدرآباد منتقل کیا جارہا ہے۔

حیدرآباد پولیس کے مطابق سرقہ کی غرض سے حیدرآباد آیا ہوا احمدآباد گجرات کا ساکن اومیش کھتک حیدرآباد کے نام پلی علاقہ کی ایک لاج میں مقیم تھا۔اور اس نے حیدرآباد میں ہی پہلے ایک اسکوٹی چوری کی پھر اس اسکوٹی پر سوار ہوکر حیدرآباد، سائبرآباد اور راچہ کونڈا پولیس کمشنریٹ کے حدود میں لگاتار کئی راہ چلتی خواتین کے گلے سے چین اڑاکر فرار ہوگیا۔

ان واقعات کی تحقیقات کے دؤران پولیس نے نام پلی،جیہ گوڑہ،آصف نگر اور دیگر مقامات کے سی سی ٹی وی کیمرہ فوٹیج کا مشاہدہ کرتے ہوئے اومیش کھتک جس لاج میں مقیم تھا وہاں پہنچ کر لاج مالک سے اس سارق کی مکمل تفصیلات حاصل کیں۔

بعدازاں سائبر ذرائع سے پتہ لگایا گیا تو معلوم ہوا کہ اومیش کھتک احمدآباد گجرات میں موجود ہے تو فوری حیدرآباد پولیس کی ایک ٹیم گجرات روانہ ہوگئی اور آج احمدآباد میں اومیش کھتک کو گرفتار کرلیا گیا۔اومیش کھتک کی حیدرآباد منتقلی کے بعد پولیس تفتیش کے دؤران اس کی جانب سے حیدرآباد میں انجام دی گئیں مختلف سرقہ کی وارداتوں کے متعلق مزید انکشافات کا امکان ہے۔!!