تلنگانہ میں 24 جنوری سے آٹھویں تا دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے آن لائن کلاسیس کا آغاز
ریاستی حکومت کا فیصلہ، 50 فیصد ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو حاضر ہونے کی ہدایت
حیدرآباد :22۔جنوری (سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاستی حکومت نے ریاست میں بڑھتے کورونا وائرس اور اومیکرون معاملات کے پیش نظر 8 جنوری تا 16 جنوری ریاست کے تمام تعلیمی اداروں کے لیے تلسنکرانتی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔جس کے بعد 17 جنوری سے ان تمام تعلیمی اداروں کا دوبارہ آغاز ہونا تھا۔
تاہم حکومت نے 16 جنوری کو G.O.Rt No:4 جاری کرتے ہوئےریاست میں جاری تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں 30 جنوری تک توسیع کردی تھی۔اب ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی اسکولس اور کالجس 30 جنوری بروز اتوار تک حسب معمول بند رہیں گے۔
اسی دؤران آج حکومت نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں میں 24 جنوری بروز پیر سے آٹھویں،نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے آن لائن کلاسیس کا آغاز کیا جائے۔اس سلسلہ میں آج احکامات بھی جاری کردئیے گئے ہیں۔
حکومت کی جانب سے اعلان کے بعد محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں نے ہدایت جاری کی ہے کہ 50 فیصد ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف اسکولوں میں حاضر ہوں۔مانا جارہا ہے کہ طلبہ کے تعلیمی سال کو ضائع ہونے سے بچانے کی غرض سے حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جنوری سے تعطیلات میں توسیع کے حکومت کے اعلان کے بعد ریاست میں خانگی تعلیمی اداروں نے پہلے ہی آن لائن کلاسیس کا آغاز کردیا ہے۔جبکہ عثمانیہ یونیورسٹی ، جے این ٹی یو اور امبیڈکر یونیورسٹی کی جانب سے بھی آن لائن کلاسیس کا آغاز کردیا گیا تھا۔
جسے دیکھتے ہوئے حکومت نے آج ریاست کے سرکاری اسکولوں میں بھی آٹھویں، نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے آج آن لائن کلاسیس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس پر بروز پیر 24 جنوری سے عمل ہوگا۔جس سے آثار نظر آرہے ہیں کہ بڑھتے ہوئے کورونا معاملات کے پیش نظر حکومت 30 جنوری سے ریاست میں تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں مزید اضافہ کرسکتی ہے؟
دوسری جانب تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے انٹرمیڈیٹ میں زیرتعلیم طلبہ کے لیے آن لائن کلاسیس کے نظم کے متعلق اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے!

