حیدرآباد: سب انسپکٹر پولیس میڈی پلی یادگیری راجو
دس ہزار روپئے کی رشوت طلب اور قبول کرتے ہوئے
اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں کے ہاتھوں دبوچ لیے گئے
حیدرآباد:07۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے میڈی پلی پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دے رہے سب انسپکٹر پولیس یادگیری راجو ایک کیس کے معاملہ میں متاثرہ شخص سے میڈی پلی پولیس اسٹیشن میں دس ہزار روپئے کی رشوت طلب اور قبول کرتے ہوئے محکمہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کی جانب سے بچھائے گئے جال میں پھنس کر گرفتار ہوگئے۔
حیدرآباد کے مضافاتی میڑچل ضلع کے میڈی پلی پولیس اسٹیشن میں آج شام پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق 28 نومبر کو میڈی پلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایک سڑک حادثہ پیش آیا تھا۔اس معاملہ میں پرشانت نامی شخص جو کہ شکایت کنندہ ہے سے دس ہزار روپئے کی رشوت طلب کی تھی جس پر پرشانت نے محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں سے شکایت کی جنہوں نے آج جال بچھاتے ہوئے سب انسپکٹر پولیس یادگیری راجو کو پرشانت سے دس ہزار روپئے کی رشوت کی رقم حاصل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں دبوچ لیا۔

ڈی ایس پی محکمہ اینٹی کرپشن بیورو سری کانت نے اس کارروائی کی انجام دہی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 28 نومبر کو سرینواس نامی شخص اپنی موٹرسیکل پر آرہا تھا کہ ایک موٹرسیکل راں انہیں ٹکر دے کر فرار ہوگیا۔اس حادثہ میں سرینواس کا پیر ٹوٹ گیا تھا جس پر سرینواس کے فرزند پرشانت نے میڈی پلی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔
جس پر سب انسپکٹر پولیس میڈی پلی یادگیری راجو نے سرٹیفکیٹس کے لیے جملہ 20،000 روپئے بطور رشوت طلب کیے۔جس پر پرشانت نے 10،000 روپئے دینے کے لیے حامی بھرلی۔
اور اس کے بعد پرشانت نے محکمہ اینٹی کرپشن بیورو سے سب انسپکٹر پولیس میڈی پلی یادگیری راجو کی جانب سے رشوت طلب کیے جانے کی شکایت کی۔
جس کے بعد محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے منصوبے کے تحت آج پرشانت کی جانب سے سب انسپکٹر پولیس یادگیری راجو کو 10،000 روپئے رشوت کی رقم حوالے کی جارہی تھی کہ عین موقع پر دھاوہ منظم کرتے ہوئے محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم نے سب انسپکٹرپولیس کو بطور رشوت حاصل کی گئی رقم سمیت دبوچ لیا۔
ڈی ایس پی محکمہ اینٹی کرپشن بیورو سری کانت نے بتایا کہ سب انسپکٹڑ کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔اور ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
Acb #Medipally #PoliceStation #SubInspectorPolice #Medcha #Hyderabad#

