تمل ناڈو میں انڈین ایرفورس کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ
چیف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت سمیت 14 اہم اور سینئر عہدیدار سوار تھے!
کوئمبتور/ کولور: 08۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ٹاملناڈو کے اوٹی کے قریب آج دوپہر انڈین آرمی کا ایک ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوگیا۔

ابتدائی میڈیا اطلاعات میں بتایا جارہا ہے کہ اس ہیلی کاپٹر میں سینئر انڈین آرمی کے اہم عہدیدار اور ان کے افراد خاندان سوار تھے۔! تمل ناڈو کے کوئمبتور اور کولور کے درمیان گرنے کے بعد اس ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی۔مقامی افراد نے انتظامیہ کو اس حادثہ کی اطلاع دی۔
میڈیا اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اس تباہ شدہ ہیلی کاپٹر میں چیف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کے علاوہ آرمی کے چند سینئر عہدیدارسوار تھے۔تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
اس ہیلی کاپٹر حادثہ کی اطلاع کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے ہنگامی طور پر کابینی اجلاس طلب کیا ہے۔اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ لوک سبھا میں اس حادثہ کی تفصیلات کا اعلان کرنے والے ہیں۔
کوئمبتور کے کولور ایر بیس سے روانہ ہوانے والے حادثہ کے شکار اس ہیلی کاپٹر Mi 17 5V میں سوار دیگر افراد کے متعلق اطلاع نہیں ہے۔اس سلسلہ میں سرکاری طور پر اعلان کا انتظار ہے۔ہندوستان کی تاریخ میں یہ پہلا اہم اور افسوسناک حادثہ ہے کہ اس ہیلی کاپٹر میں چیف ڈیفنس اسٹاف جنرل کے علاوہ فوج کے عہدیدارسوار تھے۔
اس ہیلی کاپٹر حادثہ کی اطلاع کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے علاوہ آرمی چیف کے بشمول فوج کے بڑے عہدیدار،سیاسی قائدین چیف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کے مکان واقع کامراج مارگ دہلی پہنچ گئے ہیں۔
وزارت دفاع/انڈین ایرفورس کی جانب سے اس ہیلی کاپٹر حادثہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے کہ حادثہ کی وجہ کیا ہے؟ تمام پہلوؤں سے اس حادثہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
فضاء سے جنگلات میں گرنے کے بعد اس ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی۔میڈیا کی ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اس حادثہ میں ہیلی کاپٹر میں سوار چار مسافرین کی موت ہوگئی ہے!

بعدازاں میڈیا اطلاعات میں بتایا گیاہے کہ اس ہیلی کاپٹر حادثہ کے مہلوکین کی تعداد سات تک پہنچ گئی ہے۔!اور ان جھلسی ہوئی نعشوں کو جائے حادثہ سے ویلنگٹن کے ملٹری ہسپتال کو منتقل کیا گیا ہے۔
خبررساں ادارہ اے این آئی کے مطابق کوئمبتور کے اوٹی سے قریب کولور میں حادثہ کے شکار اس ہیلی کاپٹر میں 14 افراد سوار تھے جن میں چیف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت،ان کی اہلیہ محترمہ مدھولیکا راوت،بریگیڈر ایل ایس لڈر،لیفٹنٹ کرنل ہرجیندر سنگھ،این کے گرو سیوک سنگھ،این کے جتیندرا کے آر،لانس نائیک وویک کمار،بی۔سائی تیجا اور ایچ اے وی ست پال سوار تھے۔

