دوبئی کی جیل سے تین سال بعد رہا ہوکر دہلی ایرپورٹ پہنچنے والے
ایک شخص کے قبضہ سے ایک کروڑ روپئے مالیتی ڈھائی کلو سونا ضبط
نئی دہلی: 16۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
سونا کی اسمگلنگ کو روکنے کی غرض سے ملک کے تمام ایرپورٹس پرکسٹم حکام مستعد ہیں اور مختلف کارروائیوں میں مصروف ہیں پھر بھی سونا کی اسمگلنگ ہنوز جاری ہے۔ہر دوسرے تیسرے دن ملک کے کسی نہ ایرپورٹ سے بیرون ممالک سے آنے والے مسافرین کے قبضہ سے اسمگلنگ کیے جارہے سونا کی ضبطی کی اطلاعات عام ہیں اور اس گورکھ دھندہ میں ملوث افراد مختلف طریقوں سے سونا کی اسمگلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایرپورٹس پر پکڑے جارہے ہیں۔
ایک تازہ واقعہ میں آج منگل کے دن نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ایک مسافر کے قبضہ سے بڑی مقدار میں سونا ضبط کیا گیا ہے جسے دوبئی سے ” لائف جیاکٹ ” میں چھپاکر لایا گیا تھا۔
دوبئی سے دہلی پہنچے اس مسافر کے قبضہ سے کسٹم کے عہدیداروں نے ڈھائی کلو سونا ضبط کیا ہے جس کی مالیت ایک کروڑ روپئے بتائی گئی ہے۔
کسٹم عہدیداروں کے مطابق ایک ہندوستانی شہری دوبئی میں ایک کیس میں گرفتار ہوا تھا اور اس نے تین سال دوبئی کی جیل میں قید رہنے کے بعد حال ہی میں رہاء ہوا تھا۔
آج یہ شخص اسپائس جیٹ کی فلائٹ کے ذریعہ دوبئی سے دہلی ایرپورٹ پہنچا تاہم اس نے فلائٹ میں دی گئی لائف جیاکٹ کو اپنی سیٹ کے نیچے چھپاکر فلائٹ سے اتر گیا شبہ کی بنیاد پر کسٹم عہدیداروں نے اس شخص کو اپنی تحویل میں لے کر اس سے پوچھ تاچھ کی کسٹم عہدیداروں کے مطابق اس لائف جیکٹ کی جب تلاشی لی گئی تو اس میں ڈھائی کلو سونا موجود تھا۔
جس پر کسٹم عہدیداروں نے اس شخص سے سوال کیا کہ اس نے لائف جیاکٹ کو کیوں سیٹ کے نیچے چھوڑ کر فلائٹ سے نیچے اترگیا؟ جس پر اس شخص نے بتایا کہ دوبئی میں جس نے اسے سونا حوالے کیا تھا اس نے کہا تھا کہ اس سونا کو لائف جیاکٹ میں رکھ کر فلائٹ کی سیٹ کے نیچے چھپاکر اتر جائے۔
جس کے بعد کسٹم عہدیداروں نے بتایا کہ یہ خالص سونا کی اسمگلنگ کا معاملہ ہے اور اس جانب تحقیقات کی جارہی ہیں کسٹم عہدیداروں نے بتایا کہ اس شخص کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے پاس سے برآمد سونا ضبط کرلیا گیا ہے۔

