جمعیۃ علماء ضلع وقارآبادکے زیراہتمام تانڈور میں آج 17 نومبر کو
” سیرت محسن انسانیتﷺ و قومی یکجہتی کانفرنس "
مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی،مولانا محمد عبدالقوی
ایس پی وقارآباد ضلع نارائنا اور دیگر کی شرکت و خطابات
وقارآباد/تانڈور:(سحرنیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)
صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد مولانا عبداللہ اظہر قاسمی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں برادران وطن کو اسلام کے امن وشانتی پر مبنی تعلیمات سے واقف کروانا اور ملک دشمن عناصر کی جانب سے ملک کے مختلف طبقات کے درمیان نفرت کے بیج بونے کی نامسعود کوششوں کو ناکام بنانے کی موثر کوششیں کرنا نہایت ضروری اور مسلمانوں بلکہ ملک کے مفاد میں ہے۔
اسی کے مقصد کے تحت جمعیۃ علماءضلع وقارآباد ہر سال قومی یکجہتی کانفرنس کا انعقاد کرتی ہے۔جاریہ سال بھی آج بتاریخ 17 نومبر، بروز چہارشنبہ،بعد نماز مغرب،نیشنل گارڈن فنکشن ہال،حیدرآباد روڈ میں پاسبان ملت حضرت حافظ پیر شبیر احمد صاحب صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھراپردیش کی زیر صدارت " سیرت محسن انسانیت ﷺو قومی یکجہتی کانفرنس۔3 ـ” کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔

اس کانفرنس میں ہندوستان کے مشہور علمی خانوادے کے سپوت،ملکی حالات پر گہری نظر رکھنے والی شخصیت،مسلم دلت اتحاد کے علمبردار،مفکر اسلام حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی دامت برکاتہم ڈائرکٹر معہد امام شاہ ولی اللہ ممبئی ورکن عاملہ مسلم پرسنل لاء بورڈ تشریف لائیں گے۔
ان کے علاوہ حضرت مولانا محمد عبدالقوی صاحب دامت برکاتہم صدر سٹی جمعیۃ علماء گریٹر,حافظ پیر خلیق احمد صابر،جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھراپردیش،جناب ایم۔ نارائنا سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد،جناب ایم اے رشید ایڈیشنل ایس پی ضلع وقارآباد ،دانشوران اور مختلف مذاہب کے رہنماء شرکت کریں گے۔
اس اجلاس میں اسکولس اور کالجس کے طلباء کے لئے 7 نومبر کو منعقد کئے گئے ضلعی سطح کے تحریری مسابقہ بنام”تعارف اسلام”میں امتیازی نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔ اس اجلاس میں شرکت کی تمام سے خواہش کی گئی ہے۔

