تانڈور میں ذاتی مخاصمت کے باعث ہی موٹرسیکل کو پیچھے سے ٹکر دی گئی تھی
دو ملزمین گرفتار،عدالتی تحویل میں روانہ،سرکل انسپکٹر پولیس کی پریس کانفرنس
وقارآباد/تانڈور:16۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع کے تانڈور کی حیدرآباد روڈ پر موجود راجیو گروہا کالونی کے قریب 13 نومبر کی نصف شب سے قبل ایک موٹرسیکل
TS 34 D 3724 کو پیچھے سے کار TS 08 FB 2268 نے ٹکر دی تھی جس پر اندرماں کالونی کے ساکن عبدالجبار محمد سہیل اور راجیو گروہا کالونی (حیدرآباد روڈ) کے ساکن ابو سفیان سوار تھے۔
موٹرسیکل کو کار کی اس ٹکر کے باعث عبدالجبار 28 سالہ کی جائے مقام پر ہی افسوسناک موت واقع ہوگئی تھی جبکہ شدید زخمی محمدسہیل 26 سالہ حیدرآباد کے ہسپتال میں موت و زیست کی کشمکش میں زیرعلاج ہیں وہیں ابوسفیان بھی زخمی ہوگئے تھے۔

اس حادثہ کے بعد مہلوک عبدالجبار اور زخمی نوجوانوں کے افراد خاندان اور تانڈور میں مختلف شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا تھا کہ آیا یہ حادثہ تھا یا جان بوجھ کر کار کے ذریعہ موٹرسیکل کو ٹکر دی گئی؟ اسی دؤران 14 نومبر کو اس واقعہ میں زخمی ابوسفیان نے یالال پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی کہ پرانی مخاصمت کے باعث ہی محی اور اسمٰعیل نے کار کے ذریعہ قتل کی نیت سے ان کی موٹرسیکل کو پیچھے سے ٹکر دی گئی ہے۔جس کے بعد پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔
اس سلسلہ میں آج کرنکوٹ پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس میں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (رورل) جلندرریڈی نے میڈیا نمائندوں کو تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ راجیو گروہا کالونی کے ساکن شیخ اسمٰعیل 21 سالہ (فرزند شیخ خواجہ میاں) اور قدیم تانڈور کے ساکن عبدالمحی 21 سالہ (فرزند عبدالغنی) چند دنوں سے غیرقانونی طور پر راشن کے چاول کا کاروبار کررہے ہیں۔
اور ان دونوں کا راجیو گروہا کالونی کے ساکن ابوسفیان سے کسی مسئلہ پر جھگڑا چل رہا تھا۔اسی دؤران چند دن قبل راشن کے چاول کی منتقلی کے دؤران شیخ اسمٰعیل اور عبدالمحی کی گاڑی اور چاول پدیمول میں ضبط کیے گئے تھے۔جس کے بعد شیخ اسمٰعیل اور عبدالمحی کو شبہ ہوا کہ ابوسفیان کی مخبری کے باعث ہی ان کا چاول پکڑا گیا ہے اس کے بعد ان میں مزید دشمنی پیدا ہوگئی۔

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (رورل) جلندرریڈی کے مطابق 13 نومبر کو شیخ اسمٰعیل اور عبدالمحی راجیو گروہا کالونی کے ساکن امان پاشا کی کار میں تانڈور پہنچے اسی دؤران اپسرا ٹی اسٹال پر موجود ابوسفیان،عبدالجبار اور محمد سہیل پر ان دونوں کی نظر پڑی جس کے بعد شیخ اسمٰعیل اور عبدالمحی نے طئے کرلیا کہ کار کے ذریعہ ٹکر دیکر انہیں موت کے گھات اتاردیا جائے۔
اور راجیو گروہا کالونی کے قریب ان دونوں نے اس واقعہ کو حادثہ کی شکل دینے کی غرض سے ابو سفیان،محمدسہیل اور عبدالجبار کی موٹرسیکل کو پیچھے سے ٹکر دے دی۔اس حادثہ میں عبدالجبار کی جائے مقام پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ محمد سہیل شدید زخمی اور ابوسفیان معمولی زخمی ہوگئے۔

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (رورل) جلندرریڈی کے مطابق واقعہ کے فوری بعد شیخ اسمٰعیل اور عبدالمحی جائے مقام سے فرار ہوگئے اور زخمی سفیان کی شکایت پر یالال پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرلیا گیا۔
سرکل انسپکٹر جلندر ریڈی نے بتایا کہ شیخ اسمٰعیل اور عبدالمحی اس واقعہ کے بعد موضع ایکمئی میں روپوش ہوگئے تھے اور آج بشیرآباد ریلوے اسٹیشن سے ٹرین میں سوار ہوکر فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے کہ اطلاع پر پولیس نے ان دونوں کو اپنی تحویل میں لے لیا اور تفتیش کے بعد ان دونوں نے اپنا جرم قبول کرلیا۔اور آج ہی شیخ اسمٰعیل اور عبدالمحی کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا۔
یالال پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث شیخ اسمٰعیل اور عبدالمحی کے خلاف
Crime No.222/2021 کے تحت ان کے خلاف آئی پی سی دفعات 302،307، r/w 34 IPC اور موٹروہیکل ایکٹ کے تحت کیس درج رجسٹر کیا گیا ہے۔

