وقارآباد ضلع میں 739 ملی میٹر بارش ریکارڈ، کاگناندی لبریز ، منسان پلی کا عارضی بریج بہہ گیا،تانڈور۔حیدرآبادشاہراہ مسدود

وقارآبادضلع میں 739 ملی میٹر بارش ریکارڈ،کاگناندی لبریز
منسان پلی کا عارضی بریج بہہ گیا، تانڈور۔حیدرآبادشاہراہ مسدود

وقارآباد/تانڈور:30۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

گزشتہ دو دنوں سے ضلع وقارآباد میں جاری ہلکی اور تیز بارش کے دؤران گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش کے باعث ضلع کے تمام ذخائر آب،ندیاں، نالے اور تالاب لبریز ہوکر اپنی سطح سے اوپر بہہ رہے ہیں۔

ضلع وقارآباد میں آج صبح 8 بجے تک 24 گھنٹوں کے دؤران 739.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔24 گھنٹوں کے دؤران ضلع کے مرپلی میں سب سے زیادہ یعنی 95.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جبکہ وقارآباد میں 84.2 ملی میٹر ،مرپلی میں 75.2 ملی میٹر،بشیرآباد میں 66.6 ملی میٹر،پوڈور میں 65.4 ملی میٹر،دھارور میں 61.8 ملی میٹر،بنٹارم میں 50.2 ملی میٹر، پرگی میں 40.4 ملی میٹر، تانڈور میں 38.4 ملی میٹر، پدیمول میں 39.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

کل رات ضلع وقارآباد کے مرپلی منڈل میں تماپوری ندی میں ایک کار کے بہہ جانے سے چار افراد لاپتہ ہوگئے تھے جن میں سے دو خواتین پراوالیکا اور شروتی کی نعشیں آج ندی کے پودوں سے برآمد ہوئی ہیں اور کاربھی ندی سے برآمد ہوئی ہے جبکہ کار میں سوار شروتی کا8 سالہ لڑکا ششانت ریڈی اور ڈرائیور راگھویندرا ریڈی ہنوز لاپتہ ہیں۔

تماپور ندی سے برآمد کار۔

وہیں نواب پیٹ منڈل کے پُل مامڑی ندی میں گزشتہ رات بہہ جانے والے چاکلی سرینو40 سالہ کی نعش آج دوپہرندی سے برآمد ہوئی ہے جبکہ گزشتہ رات ہی شنکر پلی کے قریب موسیٰ ندی میں بہہ جانے والی کارمیں سوار وینکٹیا 70 سالہ کی نعش بھی آج اینکے پلی کی ندی کے قریب ایک کھیت سے برآمد ہوئی ہے تاہم کار کا کوئی پتہ نہیں چل پایا اس سوئفٹ کار میں پانچ افراد سوار تھے جن میں سے چار افرا د کو کوتا پلی موضع کے لوگوں نے سیلابی پانی سے بحفاظت نکال لیا تھا۔

دوسری جانب تانڈور۔حیدرآباد اہم شاہراہ پر موجود منسان پلی ندی پر تعمیر عارضی بریج جاریہ سال مانسون میں آج تیسری مرتبہ بہہ گیا ہے جس کے باعث اس اہم اور مصروف شاہراہ پر ٹریفک نظام مسدود ہوگیا اور گاڑیوں کا راستہ براہ یالال ، کوڑنگل تبدیل کیا گیا ہے۔منسان پلی ندی پر جدید بریج کی تعمیر گزشتہ دو سال سے ہنوز جاری ہے جبکہ اس کے لیے 2017ء میں ہی حکومت نے فنڈ جاری کیا تھا۔

منسان پلی ندی پر تعمیر عارضی بریج ٹوٹ کر تیسری مرتبہ بہہ گیا۔

تانڈور۔محبوب نگر شاہراہ پر موجود کاگنا ندی میں سیلابی پانی ٹھاٹھیں ماررہا ہے اور اس کا قدیم بریج پانی سے لبریز ہوگیا ہے ندی میں مزید پانی کی آمد سے خطرہ ہے کہ اس بریج کاایک حصہ گزشتہ کی تیسری دوبارہ بہہ جائے گا!!پانی سے لبریزکاگنا ندی کا نظارہ کرنے کی غرض سے عوام کی کثیر تعداد ندی پر پہنچ رہی ہے۔ تاہم اس کے متوازی تعمیر جدید بریج سے ٹریفک نظام جاری ہےجس کا افتتاح آج تک عمل میں نہیں لایا گیا ہے۔

سیلابی پانی سے لبریز کاگنا ندی اور منسان پلی کا ٹوٹا ہوا بریج(ویڈیو)

 

یالال منڈل میں موجود جُنٹ پلی پراجکٹ کی سطح آب بھی لبریز ہوگئی ہے اور اس کے پشتے سے خارج ہونے والا زائد پانی خوبصورت منظر پیش کررہا ہے۔

جنٹ پلی پراجکٹ کے پشتے سے خارج ہونے والا زائد پانی۔