وقارآباد ضلع : ندی میں بہہ جانے والی کار کا ڈرائیور زندہ اور پولیس تحویل میں ،8سالہ لڑکا ہنوز لاپتہ

جرائم و حادثات ریاستی خبریں

وقارآباد ضلع:ندی میں بہہ جانے والی کار کا ڈرائیور زندہ ہے،آٹھ سالہ سشانت ریڈی ہنوز لاپتہ

حادثہ کے باوجود ڈرائیور کا کوئی بھی رشتہ دار ندی پر نہیں پہنچا توپولیس نے شبہ کی بنیاد پر مکان کی تلاشی لی

وقارآباد:30۔اگست(سحر نیوز ڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع کے مر پلی منڈل میں موجود تماپور موضع کی ندی میں گزشتہ رات ایک کار بہہ گئی تھی جس میں وقارآباد منڈل کے موضع راؤلہ پلی کے ساکن نواز ریڈی اوران کی دُلہن پراوالیکا جن کی 25 اگست کوہی شادی ہوئی تھی کے علاوہ نواز ریڈی کی دو بہنیں رادھماں، شروتی، شروتی کا 8 سالہ لڑکا ششانت ریڈی اور کار کا ڈرائیور راگھویندراریڈی سوار تھے۔

مومن پیٹ سے راؤلہ پلی واپسی کے دؤران تما پور کے قریب ندی سیلابی پانی سے لبریز ہوکر اپنی سطح سے اوپر بہہ رہی تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا تاہم نواز ریڈی اور ان کی بڑی بہن رادھماں کسی طرح سے اس سیلابی پانی سے محفوظ نکل آئے تھے۔

تاہم دیگر چار افراد اور کار لاپتہ تھی کہ آج صبح پولیس کی تلاشی مہم کے دؤران اس ندی کے چار کلومیٹر اندرونی حصہ میں نواز ریڈی کی دُلہن پراوالیکا اور نواز ریڈی کی بہن شروتی کی نعشیں ندی کے کنارے پودوں میں ہی دستیاب ہوئیں تاہم کار میں موجود نواز ریڈی کی بہن شروتی کے 8 سالہ لڑکے سشانت ریڈی اور کار ڈرائیور راگھویندراریڈی کاکوئی سراغ نہیں مل پایا۔

اس حادثہ میں فوت شروتی اپنے لڑکے سششانت ریڈی کے ساتھ جو ہنوز لاپتہ ہے۔

اسی دؤران مصدقہ ذرائع کی اطلاع کے مطابق کار کا ڈرائیور راگھویندراریڈی زندہ ہے اور اسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ کار کے ساتھ ڈرائیور بھی ندی میں بہہ گیا تھا تاہم وہ تیراکی سے واقف رہنے کی وجہ سے کسی طرح ایک درخت کو پکڑ کر محفوظ ہوگیا اور آج پانچ بجے صبح تیر کر ندی میں سے بحفاظت نکل آیا اور اپنے مکان چلا گیا۔

پولیس کو شبہ ہوا کہ کار میں موجود افراد کے لیے ان کے تمام پریشان حال رشتہ دار اور دوست احباب ندی پر پہنچ گئے ہیں لیکن ڈرائیور راگھویندرا ریڈی کے لیے اس کے خاندان کا کوئی بھی شخص اس سے متعلق معلومات حاصل کرنے ندی پر نہیں پہنچا تو پولیس نے ڈرائیور کے مکان پر پہنچ کر تلاشی لی جہاں وہ موجود تھا۔

ندی کے اوپر سے تیزسیلابی پانی کے بہاؤکے درمیان کار میں تین خواتین اور ایک بچہ کے سوار رہنے کے باوجود انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کار کو ندی سے پار کروانے کی بھیانک غلطی ایک مجرمانہ حرکت مانی جاتی ہے۔پولیس اب کار ڈرائیور راگھویندراریڈی کے خلاف کیس درج کرکے کارروائی کرنے والی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ڈرائیور راگھوایندرا ریڈی کا تعلق موضع انتارام ،تانڈور منڈل سے ہے!

اس حادثہ کے بعد دُلہن پراوالیکا، نواز ریڈی کی بہن شروتی کی اموات پر دونوں گھرانوں کے ساتھ ساتھ دونوں کے مواضعات اور ضلع میں میں غم کا ماحول ہے۔ شروتی کا 8 سالہ لڑکا ہنوز لاپتہ ہے اور ندی میں تلاشی مہم جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے