چین میں 6.8 شدت کا زلزلہ، 66 ہلاک،250 سے زائد زخمی
افغانستان میں بھی 5.3 شدت کے زلزلہ سے 6 ہلاک
نئی دہلی: 06۔ستمبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
چین کے جنوب مغربی صوبہ سیچوان میں 2017ءکے بعد سے کل پیر کو آنے والے شدید ترین زلزلہ سے مرنے والوں کی تعداد آج منگل کو بڑھ کر 66 تک پہنچ گئی ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کےمطابق 250 سےزائد زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے،جن میں درجنوں شدید زخمی شامل ہیں۔اس تباہ کن زلزلے میں 240 سے زائد مکانات منہدم ہوگئے اور 13,000 سے زائد مکانات کونقصان پہنچاہے۔رائٹرز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہوٹلوں اور سینکڑوں مکانات میں مقیم افراد بھی متاثر ہوئے ہیں۔
ٹوئٹر پر موجود اس زلزلہ کے دؤران لی گئیں ویڈیوز میں مختلف مناظر دیکھے گئے جن میں اسکولی طلبہ اور عوام زلزلہ کے دؤران عمارتوں سے باہر بھاگ رہے ہیں۔
وہیں ایک ایسا ویڈیو بھی دیکھا گیا جاسکتا ہے کہ اس زلزلہ کے جھٹکہ کے دؤران ایک دفتر کے ملازمین باہر کی جانب بھاگ رہے ہیں ایسے میں ایک نوجوان معذور ساتھی کو اپنی پیٹھ پر لادکر بھاگ رہا ہے۔
https://twitter.com/ChinaTiger826/status/1567095822013136896
چین نے اس علاقے میں 6,500 امدادی کارکنوں،چار ہیلی کاپٹرز اور دوبغیر پائلٹ والی ہوائی گاڑیاں روانہ کرتے ہوئے زلزلے کے متاثرین کی مدد کے لیے ہنگامی اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔صوبے کے کئی قصبوں میں بجلی سربراہی منقطع ہوگئی جبکہ کئی بڑی شاہراہیں منہدم ہوگئیں۔اس طاقتور زلزلہ سےعمارتوں کوشدید نقصان پہنچنے کے بعد 50,000سے زائد افراد کومحفوظ مقامات پرمنتقل کردیا گیا ہے۔اور زلزلے کے جھٹکے صوبوں شانزی اور گوئژو تک محسوس کیے گئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کےمطابق 6.8 کی شدت کا زلزلہ چین کے سیچوان صوبہ کے شہر کانگڈنگ کےجنوب مشرق میں 43 کلومیٹر جنوب مشرق میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔
دوسری جانب خبررساں ادارہ اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے کئی صوبوں میں پیر کی صبح ریکٹر اسکیل پر 5.3 کی شدت کے زلزلے کے نتیجے میں زائداز 6 افراد ہلاک اور 9 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔کنڑ صوبے کے ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ کنڑ کے نورگل ضلع میں زلزلہ سے 6 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوئے ہیں۔جبکہ مقامی طلوع نیوز کی رپورٹ میں عہدیداروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے صوبے کے کئی علاقوں میں درجنوں رہائش گاہیں تباہ ہوگئی ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کےمطابق زلزلہ کا مرکزمشرقی صوبہ ننگرہار کا دارالحکومت جلال آباد تھا اوریہ افغانستانی وقت کے مطابق 2:27 بجے صبح 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔اطلاعات کے مطابق زلزلے نے کابل،ننگرہار،لغمان،کنڑ اور نورستان کےساتھ ساتھ ڈیورنڈلائن کی دوسری جانب کے چندعلاقوں کوبھی دہلا کر رکھ دیا۔پاکستانی میڈیا ادارہ ڈان کےمطابق زلزلےکےجھٹکے اسلام آباد،راولپنڈی،پشاور،مردان،ایبٹ آباد،صوابی،مہمند،باجوڑ ،بونیر اور ملحقہ علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔تاہم پاکستان سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی نہیں ہے۔
چین کے جنوب مغربی صوبہ سیچوان کے مقامی رہائشیوں نے بین الاقوامی خبر رساں ادارہ اے ایف پی کو بتایا کہ زلزلے کے جھٹکوں نے صوبائی دارالحکومت چینگڈو میں عمارتوں کو ہلا کر رکھ دیا۔جہاں لاکھوں لوگ سخت کوویڈ لاک ڈاؤن کےتحت اپنے گھروں تک محدود ہیں۔ اور چونگ کنگ کے قریبی میگا سٹی میں،مقامی رہائشیوں نےاے ایف پی کو بتایا کہ انہوں نے کافی شدت سے زلزلہ کاجھٹکہ محسوس کیا۔چونکہ چینگدو اس وقت وبائی امراض کے شکنجہ میں ہےاس لیے عوام کو اپنے مکانات سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔اس لیے ان میں سے بہت سے خوفزدہ لوگ جلدی سے اپنے صحن میں نکل آئے۔جبکہ سی سی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ زلزلے کی وجہ سے زمینی تودے کھسکنے سے ایک قصبہ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
براڈکاسٹر نے اپنی اطلاع میں کہاہےکہ دوسرے قصبہ کی ایک سڑک کو بند کر دیا گیا تھا اور 10,000 سے زیادہ عوام سے والے علاقوں میں ٹیلی کمیونیکیشن لائنیں منقطع ہو گئی تھیں۔جبکہ زلزلہ کے جھٹکوں کی وجہ سے گرزے اور یاان کے علاقوں میں برقی سربراہی روک دینا ضروری تھا۔
زلزلہ کے وقت لی گئیں ویڈیوز جوکہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں میں ہلتے ہوئے مکانات،گرتے ہوئے ملبہ اور دیگر اشیا کےساتھ درختوں کو بھی ہلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
سرکاری میڈیا نے بتایا کہ قریبی علاقوں میں زلزلہ کے بعد بھی ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ابتدائی زلزلہ کے بعد ایک گھنٹہ سے بھی کم وقت میں مشرقی تبت میں 4.6 شدت کا ایک زلزلہ کا جھٹکہ محسوس کیا گیا۔
سی سی ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ سینکڑوں امدادی کارکنوں کو زلزلہ کے مرکز کی جانب روانہ کیا گیاہے اوسیچوان سیسمولوجیکل اتھارٹی نے کہا کہ امدادی کارکنوں کی مدد کے لیے 1000 سے زیادہ فوجی بھیجے گئے ہیں۔

سی سی ٹی وی کے مطابق چین کےصدر شی جن پنگ نے مقامی حکام کو ہدایت دی ہےکہ عوامی زندگیاں بچانے کو اولین ترجیح دیں،آفت زدہ علاقوں میں عوام کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں اور جانی نقصان کو کم سے کم ہو۔
چین میں زلزلے کافی عام ہیں۔خاص طور پر ملک کے جنوب مغرب میں اکثر زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے جاتے ہیں۔سال2008 میں سیچوان کی وینچوان کاؤنٹی میں 8.0 شدت کے زلزلےسے ہزاروں افراد ہلاک ہوئے تھے اور بہت زیادہ نقصان پہنچاتھا۔

