ٹرین میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافر کے پاس سے دو کروڑ روپئے نقد برآمد

ٹرین میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے
مسافر کے پاس سے دو کروڑ روپئے نقد برآمد

منگلورو:12۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

ٹرینوں میں زیادہ تر ایسے بغیر ٹکٹ والے مسافرین پکڑے جاتے ہیں جو کہ غریب ہوتے ہیں اور ان کے پاس رقم نہ ہونے کے باعث وہ ٹرین کا ٹکٹ نہیں خرید پاتے یا پھر ایسے مسافر ہوتے ہیں تو ٹرین کے روانہ ہونے سے عین قبل اسٹیشن پہنچتے ہیں جن کے پاس طویل قطاروں میں کھڑے ہوکر ٹکٹ لینا مشکل ہوجاتا ہے کہ اس وقت تک ٹرین چھوٹ جائے گی اس لیے وہ بغیر ٹکٹ ٹرین میں سوار ہوجاتے ہیں کہ ٹی ٹی ای کو اس کی رقم ادا کردیں گے یا پھر اگلے اسٹیشن پر ٹکٹ لے لیں گے۔

اب توسفر کے دؤران یا سفر سے قبل زیادہ تر آن لائن ٹرین کے ٹکٹ اپنے موبائل فون کے ذریعہ ہی لیے جانے لگے ہیں۔لیکن کرناٹک کے کاروار میں ایک ٹرین سے ایسا نوجوان پکڑا گیا جس کے پاس سفر کا ٹکٹ نہیں تھا لیکن جب عہدیداروں نے اس کی تلاشی لی تو اس کے پاس سے دستیاب دو کروڑ روپئے کی نقد رقم دیکھ کر حیرت زدہ ہوگئے۔

تفصیلات کےمطابق ممبئی کےچھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنل(سی ایس ایم ٹی)۔منگلورو سپر فاسٹ ایکسپریس (ٹرین نمبر12133)سے ایک نوجوان سفر کررہا تھا۔کونکن ریلوے کارپوریشن کے چیف ویجلنس انسپکٹر ایچ کے پرسنا کمار ٹی ٹی ایز کی خدمات کی جانچ کرنے کی غرض سے مڈگاؤں سے ٹرین میں سوار ہوئے۔

اس ٹرین کے ایک کوچ میں ٹی ٹی ای نے انہیں بتایا کہ ایک مسافر کے پاس ٹکٹ نہیں ہےجس کے پاس ایک بیاگ ہے اور اس کے رویہ مشکوک ہے۔پرسنا کمار نے اس نوجوان مسافر سے بیاگ کھولنے کےلیے کہا تو اس نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔جس پر ریلوے پروٹیکشن فورس(آرپی ایف)کے جوانوں کی مدد سےچیف ویجلنس انسپکٹر ایچ کے پرسنا کمار اور ٹی ٹی ای اس مسافر کو کاروار ریلوے اسٹیشن پرٹرین سے اتار کر آرپی ایف پولیس اسٹیشن لے گئے۔

آر پی ایف عہدیداروں کی پوچھ تاچھ پراس مسافر نے اپنا نام چن سنگھ عرف منوہر سنگھ(22 سالہ) سالہ بتایا جو کہ راجستھان کے سونتھری کا رہنے والا ہے۔

بعدازاں آر پی ایف عہدیداروں نے ان ریلوے عہدیداروں اور چند آزاد گواہوں کی موجودگی میں مسافر چن سنگھ سے اس کا بیاگ کھلوایاجب اس بغیر ٹکٹ سفر کررہے نوجوان نے اپنا بیاگ کھولا تو سب کی آنکھیں یہ دیکھ کر کھلی رہ گئیں کہ اس کے بیاگ میں 100 بنڈلوں پرمشتمل دو کروڑ روپئے کی رقم موجود تھی۔

میڈیا اطلاعات کےمطابق چن سنگھ عرف منوہرسنگھ نے دعویٰ کیاکہ یہ نقدرقم اسے ممبئی میں بھرت بھائی عرف پنٹو نے منگلورو میں راجو تک پہنچانے کے لیے دی تھی۔ریلوے اور آرپی ایف کے عہدیداروں نے اس معاملہ کی اطلاع محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں کو دی بعدازاں ان کی ہدایت پر اس نوجوان کو رقم کے ساتھ کاروار ریلوے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔عہدیداروں کوشبہ ہےکہ ضبط کی گئی رقم حوالہ کی ہوسکتی ہے؟ اس سلسلہ میں تحقیقات جاری ہیں۔