مدھیہ پردیش کی ایک ندی میں اچانک سیلابی پانی کا اضافہ، 14کاریں بہہ گئیں، تفریح کی غرض سے آئے ہوئے 50 افراد نے خود کو بچالیا

مدھیہ پردیش کی ایک ندی میں اچانک سیلابی پانی کا اضافہ
14 کاریں بہہ گئیں،تفریح کی غرض سے آئے ہوئے 50 افراد نے خود کو بچالیا

بھوپال:08۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

مدھیہ پردیش کے کھرگون میں اس وقت ایک ندی کے پانی میں زائد از 14 کاریں بہہ گئیں جب کھرگون ضلع میں شدید بارش کے بعد ندی میں اچانک پانی کی سیلابی مقدارمیں اضافہ ہوگیا۔اسی دؤران خوش قسمتی سےتفریح کی غرض سےآئے ہوئے50 افراد نےدؤڑتے ہوئے اونچے مقامات پر پہنچ کر اپنی جانیں بچائیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔دیگر اطلاعات میں کاروں کی تعداد زیادہ بتائی جارہی ہے۔

اس سلسلہ میں جتیندر سنگھ پوار ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے بتایا کہ ندی کے سیلابی پانی سے محفوظ رہنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں اور ان تمام کا تعلق مدھیہ پردیش کے ہی ضلع اندور سے ہے۔انہوں نے بتایا کہ اتوار کی شام بلواڈا پولیس اسٹیشن کی حدود میں موجود کٹکوٹ جنگل میں سکدی ندی کے قریب یہ لوگ پکنک کا لطف اٹھا رہے تھے کہ ضلع کھرگون کے مختلف مقامات پرشدید بارش کے باعث اس ندی میں اچانک سیلابی پانی کی سطح بڑھ گئی۔

ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کھرگون جتیندر سنگھ پوار نے بتایا کہ پکنک منانے والے تمام افراد اپنی کاریں اور دیگر گاڑیاں وہیں چھوڑ کر خود کو بچانے کے لیے جنگل میں اونچے مقامات پر پہنچ گئے۔انہوں نے بتایا کہ زائد از 14 کاریں جن میں چند SUV بھی شامل ہیں سیلابی پانی میں بہہ گئیں۔اس واقعہ کا ویڈیو این ڈی ٹی وی کے صحافی انوراگ دُواری نے ٹوئٹ کیا ہے۔

تاہم اطلاع ملنے کےفوری بعد پولیس جائےمقام پر پہنچ گئی اور مقامی عوام اور ان کے ٹریکٹروں کی مدد سے 10 کاروں اور ایس یو وی گاڑیوں کو باہر نکالاگیا۔لیکن ان گاڑیوں کے انجنوں میں پانی داخل ہوجانے سے وہ اسٹارٹ نہیں ہورہی ہیں۔ان میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی ہے۔جبکہ تین دیگر کاریں سیلابی پانی میں بہہ گئی ہیں اور ایک گاڑی ندی پر موجود پُل کےکھمبے کے قریب پھنس کر رک گئی۔انہوں نے کہاکہ پکنک منانے والوں کو بعد میں دوسری گاڑیوں کے ذریعہ ان کے گھروں کو بھیج دیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ اس ندی پر کوئی انتباہی بورڈ موجود نہیں ہے۔