وقارآبادضلع:سیلفی لینے کے دؤران پرگی کے لکھنا پور پراجکٹ میں گرجانے سے حیدرآبادی نوجوان سیاح کی موت

جرائم و حادثات ریاستی خبریں

وقارآباد ضلع میں سیلفی لینے کے دؤران 
پرگی کے لکھنا پور پراجکٹ میں گرجانے سے حیدرآبادی نوجوان سیاح کی موت

وقارآباد :05۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

آئے دن ملک کے مختلف مقامات سے اپنی جانوں کو جوکھم میں ڈالتے ہوئے سیلفی لینے کے جنون میں کئی نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔ لیکن اس سے نوجوان سبق لینے کے لیے تیار نظر نہیں آتے! آج ایسے ہی ایک واقعہ میں ضلع وقارآباد میں پانی سے لبریز پراجکٹ میں سیلفی لینے کے دؤران دو نوجوان پراجکٹ کے پانی میں گرگئے تاہم ان میں ایک کو بچالیا گیا اور دوسرے نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔ 

آج شام پیش آئے اس افسوسناک واقعہ کی تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے سورارم سے تعلق رکھنے والے 8 افراد آج اتوار کی تعطیل ہونے کے باعث وقارآباد ضلع کے سیاحتی مقام اننت گیری ہلز کی تفریح کی غرض سے آئے ہوئے تھے۔

اننت گیری ہلز کی تفریح کے بعد یہ تمام سیاح پرگی حلقہ اسمبلی میں موجود لکھنا پور پراجکٹ پہنچے جو گزشتہ رات کی بارش کے بعد لبریز ہوگیا ہے اور اس کے پشتے سے بڑی مقدار میں پانی خارج ہورہا ہے۔

اسی دؤران حیدرآباد سے آئے ہوئے ان 8 سیاحوں میں سے دو نوجوان سیلفی لینے کی غرض سے پراجکٹ کے آخری کنارے تک پہنچے تھے یہ دونوں پراجکٹ کے پانی میں گرگئے اور تیراکی سے ناواقف ویرا راجیش 25 سالہ اس پراجکٹ کے پانی میں ڈوب گیا جبکہ دوسرا نوجوان محفوظ رہا۔

یہ منظر دیکھ کر وہاں موجود پولیس اور دیگر افراد نے ویرا راجیش کو بچانے کی کوشش کی اور پانی سے نکال کر پرگی کے سرکاری اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ہی اس نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔

لکھنا پور پراجکٹ میں نوجوان ویرا راجیش کی موت پر اس کے ساتھ حیدرآباد سے تفریح کی غرض سے آئے ہوئے دیگر افراد میں غم کی لہر دؤڑگئی۔اس واقعہ کی اطلاع دینے کے بعد پراجکٹ میں ہلاک ہونے والے نوجوان ویرا راجیش کے افراد خاندان پرگی پہنچ گئے ہیں۔

اس سلسلہ میں پرگی پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے مصروف تحقیقات ہے اور نعش کو بعد پنچنامہ پوسٹ مارٹم کی غرض سے پرگی کے سرکاری اسپتال کو منتقل کردیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے