وقارآباد : اننت گیری ہلز پر کار میں شراب نوشی، نوجوان پولیس تحویل میں

Uncategorized ریاستی خبریں ضلعی خبریں

وقارآباد: اننت گیری ہلز پر کار میں شراب نوشی،نوجوان پولیس تحویل میں
سیاحتی مقام پر غیر اخلاقی حرکتوں کے خلاف سرکل انسپکٹر پولیس کا انتباہ

وقارآباد:29۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع میں موجود مشہور سیاحتی مقام اننت گیری ہلز  پر کار میں شراب نوشی میں مصروف چند نوجوانوں کو وقارآباد پولیس نے تحویل میں لے لیا۔

سرکل انسپکٹر پولیس وقارآباد راج شیکھر کے مطابق آج صبح  اننت گیری ہلز پر موجود نندی کے مجسمہ کے قریب سڑک کے کنارے ایک کار میں چند نوجوان شراب نوشی میں مصروف تھے کہ ہلز پر پٹرولنگ میں مصروف رکھشک پولیس نے انہیں اپنی تحویل میں لے کر کار اور شراب کی بوتلوں کے ساتھ وقارآباد پولیس اسٹیشن کو منتقل کیا گیا۔

اننت گیری ہلز کے جنگلات۔

سرکل انسپکٹر راج شیکھر نے بتایا کہ ان نوجوانوں کی کونسلنگ کی گئی اور شراب نوشی کرنے والے نوجوانوں کے خلاف Epetty کیس درج کیا گیا۔اطلاع ہے کہ ان نوجوانوں کا تعلق حیدرآباد سے ہے جو اننت گیری ہلز کی سیاحت کی غرض سے آئے ہوئے تھے۔

سرکل انسپکٹر پولیس وقارآباد راج شیکھر نے کہا کہ اننت گیری ہلز ایک سیاحتی مقام پر جہاں بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد رہتی ہے ایسے میں پولیس کو اطلاع ملی ہے کہ اننت گیری ہلز پر کچھ سیاح شراب نوشی کرتے ہیں اور انہیں چند افراد شراب فراہم کیے جانے کی بھی اطلاع ہے!

Inspector Of Police Vikarabad

سرکل انسپکٹر پولیس نے انتباہ دیا کہ اننت گیری ہلز پر 24  گھنٹے پولیس پٹرولنگ جاری رہتی ہے اور اننت گیری ہلز پر سی سی کیمروں سے بھی پولیس کی جانب سے نظر رکھی گئی ہے۔انہوں نے متنبہ کیا کہ سیاحتی مقام اننت گیری ہلز پر کسی بھی قسم کی غیر سماجی اور غیر اخلاقی حرکتوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس سلسلہ میں سرکل انسپکٹر پولیس وقارآباد راج شیکھر نے اننت گیری ہلز آنے والے سیاحوں کو بھی آگاہ کیا کہ وہ ان غیر اخلاقی حرکتوں کے سدباب کے لیے پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی معاملہ کی اطلاع فوری طور پر 100 نمبر پر ڈائل کرکے اطلاع دیں تو پولیس فوری کارروائی کو یقینی بنائے گی۔

روزآنہ ایسی شکایات عام ہیں کہ اننت گیری ہلز آنے والے سیاح گھاٹ کی سڑکوں پر اور جنگل میں بالخصوص رات کے اوقات دھماچوکڑی مچاتے ہیں اور کھلے عام شراب نوشی کرتے ہیں!

یہاں یہ تذکرہ غیرضروری نہ ہوگا کہ مشہور سیاحتی مقام اننت گیری ہلز حیدرآباد سے 70 کلومیٹر اور وقارآباد ضلع مستقر 6 کلومیٹر کے فاصلہ پر ایک پر فضاء مقام ہے۔اور اننت گیری ہلز کی سیاحت کیلئے حیدرآباد کے بشمول قریبی اضلاع سنگاریڈی،میدک، ظہیرآباد،محبوب نگر،وقارآباد ضلع کے تانڈور،پرگی،کورنگل کے بشمول پڑوسی ریاست کرناٹک کے بیدر اور گلبرگہ سمیت دیگر مقامات سے بھی سیاحوں کی بڑی تعداد بالخصوص تعطیلات اور ہفتہ ، اتوار کی چھٹیوں میں پہنچتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے