مکان کے دستاویزات حوالے کرونہیں تو کوروناوائرس سے متاثر کردونگی!
دوسری بیوی نے شوہر کوتین دن تک مکان میں قید کردیا،پولیس نے آزاد کروایا
حیدرآباد:5؍جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
کوروناوائرس کی دوسری لہر کے دؤران بڑی تعداد میں لوگوں کے متاثر ہونے اور لاکھوں روپئے صرف کرکے علاج کروانے کے باؤجود بھی بڑی تعداد میں امواتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ایسے میں سماج میں آج بھی ایسے مال و دؤلت کے لالچی لوگ موجود ہیں جنہوں نے ان بے وقت کی لاکھوں امواتوں اور بے کفن جے سی بی مشینوں سے رؤندی جارہیں، ندیوں ، نالوں میں پھینکی جارہیں اور ہزاروں کی تعداد میں گنگا کی ریت میں دفنائی جارہیں یا پھر گنگا کے پانی میں پھینکی جانے والی نعشوں کو دیکھ کر کوئی سبق نہیں لیا ہے!!
اور نہ ہی انہوں نے شمشانوں اور قبرستانوں کے باہر لگنے والی ان نعشوں کی قطاروں سے کوئی عبرت ہی حاصل کی جنہیں جلانے کیلئے لکڑی اور دفن کرنے کیلئے زمین اور گورکھن تک نصیب نہیں ہوئے!! ان میں وہ لوگ بھی شامل تھے جنہوں نے زندگی بھر مال ودؤلت کمانے ، اونچی عمارتیں اور خوبصورت کاریں جمع کرنے میں لگادی تھیں!!
حیدرآباد کے انتہائی پاش مانے والے جانے والے جوبلی ہلز کے علاقہ میں ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک ضعیف شخص کی دوسری بیوی نے اس کے نام پر خریدے گئے کروڑوں روپئے مالیتی مکان کے دستاویزات حاصل کرنے کیلئے شوہرکے مکان پہنچ کر دھمکی دی کہ اگراس نے مکان کے دستاویزات اس کے حوالے نہیں کیے تو وہ اس کو کوروناوائرس سے متاثر کردے گی کیونکہ وہ کوروناوائرس سے متاثر ہوئی ہے۔
اس دھمکی سے انتہائی خوفزدہ ضعیف شوہر نے فوری اپنے گھر کا دروازہ بند کرلیا تو اس خاتون نے مکان کو باہر سے قفل لگاتے ہوئے شوہر کو تین دنوں تک اسکے گھر میں قید کرکے رکھا بعدازاں پولیس کی مداخلت کے بعد اس ضعیف شوہر کو آزادی ملی۔
اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق جوبلی ہلز کے ننداگیری ہلز کے ساکن وی۔سنجیواریڈی 70؍سالہ نے چند سال قبل اپنی پہلی بیوی سے علحدگی اختیار کرتے ہوئے کونیرو بھارتی 40؍سالہ سے شادی کرلی تھی انہیں ایک 17؍سالہ لڑکابھی ہے۔
شادی کے وقت سنجیواریڈی نے ننداگیری ہلز میں اپنی دوسری بیوی کونیرو بھارتی کے نام پر ایک پانچ کروڑ روپئے کا مکان خریدا اور اسی میں یہ زندگی گزار رہے تھے۔
اسی دؤران بھارتی اپنے شوہر سنجیوا ریڈی کو چھوڑکر کسی اور شخص کیساتھ زندگی گزار رہی ہے۔جس پر سنجیواریڈی دوسرے مکان میں منتقل ہوتے وقت ننداگیری ہلز کے مکان کے دستاویزات بھی اپنے ساتھ لے گیا جو بھارتی کے نام پر ہے۔
اس مسئلہ پر گزشتہ چند دنوں سے سنجیواریڈی اور اسکی دوسری بیوی کونیرو بھارتی کے درمیان جھگڑا چل رہا تھا بھارتی اپنے نام پر موجود مکان کے دستاویزات دینے کا مطالبہ کررہی تھی۔
بیوی کونیروبھارتی 31؍مئی کو سنجیوا ریڈی کے مکان پہنچی اور کہا کہ وہ کوروناوائرس سے متاثر ہوگئی ہے اور دھمکی دی کہ وہ اسکے نام پر موجود مکان کے دستاویزات اس کے حوالے کردے ورنہ وہ کھانس کر اور اس سے لپیٹ کر اس کو بھی کورونا وائرس سے متاثر کردے گی جس سے ضعیف شوہر سنجیواریڈی خوفزدہ ہوگیا اور فوری اپنے مکان کا دروازہ اندر سے بند کرلیا۔

جس پر بھارتی نے سنجیواریڈی کے مکان کو باہر سے مقفل کرتے ہوئے اسے مکان میں ہی قید کردیا تاکہ وہ باہر نہ نکل سکے۔
تین دنوں تک اپنے ہی گھر میں قید ضعیف شوہر سنجیواریڈی نے کسی طرح کل فون کے ذریعہ جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن کو فون کرکے سارے واقعہ کی شکایت کی۔
جسکے فوری بعد پولیس نے مکان پہنچ کر سنجیواریڈی کو آزاد کروالیا۔اور ملزمہ کونیروبھارتی کیخلاف جوبلی ہلز پولیس آئی پی سی کی دفعات 446،341، 506؍ کے تحت اور سیکشن 3 (1) اپیڈیمک ایکٹ کے تحت کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات میں مصروف ہے۔
….. یاد رہے کہ تین دن قبل ہی کوروناوائرس سے متاثرہ ایک ساس نے اپنے مکان میں قورنطین کے دؤران غصہ کی حالت میں اپنی بہو کو زبردستی خود سے لپٹاکر کوروناوائرس سے متاثر کردیا اس خبر کی تفصیلات اس لنک پر پڑھی جاسکتی ہیں۔