کورونا وائرس سے متاثرہ ساس نے غصہ میں بہو کو خود سے لپٹا کر کورونا سے متاثر کردیا،تلنگانہ میں عجیب واقعہ
حیدرآباد:3؍جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
کورونا وائرس سے متاثرہ ایک ساس نے بہو اور اسکے معصوم بچوں کی جانب سے اس سے سماجی فاصلہ بنائے رکھنے پر برہم ہوکر حالت غصہ میں اپنی بہو کو ہی زبردستی لپٹا لیا جس کے بعد بہو بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئی۔

ریاست تلنگانہ کے راجنا سرسلہ ضلع کے نیلی می گٹّہ تانڈہ میں پیش آنیوالے اس عجیب و غریب اور ساس کی جانب سے کیے جانے والے اس برتاؤ کی تفصیلات کے بموجب کوروناوائرس سے متاثرہ یہ خاتون اپنے مکان میں قورنطین میں تھی جس کی وجہ سے اس خاتون کی بہو اور اس کے دو بچے اس خاتون سے سماجی فاصلہ بنائے ہوئے تھے۔
اس کورونا وائرس سے متاثرہ خاتون کی بہو 20؍سالہ نے مقامی محکمہ ہیلتھ کے عہدیداروں سے شکایت کی کہ اس کی ساس نے اسے زبردستی اپنے گلے لگانے کے بعد سے مسلسل کہہ رہی ہے کہ وہ بھی اب کورونا وائرس سے متاثر ہوگی بہو نے یہ بھی کہا کہ اسے زبردستی گلے لگاکر کورونا وائرس سے متاثرہ اس کی ساس پوچھتی ہے کہ کیا وہ اس کے مرنے کے بعد خوش رہنا چاہتی ہے؟
ساتھ ہی اس بہو نے یہ شکایت بھی کی کہ اس کی ساس نے کئی مرتبہ اس کو خود سے لپٹا لیا اور ساتھ ہی اسکے دونوں بچوں کو بھی زبردستی کھینچ کر بوسے دے رہی ہے۔
اس واقعہ کے بعد بہو اپنی ساس کو اسی مکان میں تنہا چھوڑکر اپنی بہن کے مکان واقع تماپور منتقل ہوگئی ہے۔جہاں ایلاریڈی پیٹ کے منڈل ڈیولپمنٹ آفیسر اور محکمہ ہیلتھ کے عہدیداران نے پہنچ کر ضرورت کی اشیاء اور میڈیکل کِٹ پہنچائی۔
یاد رہے کہ طبی ماہرین نے کورونا وائرس سے متاثرہ شخص سے میل ملاپ اور سماجی فاصلہ قائم رکھنے کو انتہائی لازمی قرار دیاہے۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اس کا شوہر اُڈیشہ میں ٹریکٹر ڈرائیور کی ملازمت کرتا ہے جس سے چار سال قبل اس کی شادی ہوئی ہے اور وہ اپنے دونوں معصوم بچوں اور ساس کیساتھ نیلی می گٹّہ تانڈہ میں موجود سسرالی مکان میں رہتی ہے۔
بہو کے رشتہ داروں اور موضع کے عوام نے عہدیداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ کوروناوائرس سے متاثر ساس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

