سابق وزیرصحت تلنگانہ ایٹالہ راجندر اسمبلی کی رُکنیت اور ٹی آر ایس پارٹی سےمستعفی
حیدرآباد:4۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
سابق وزیرصحت ایٹالہ راجندر نے آج اپنی حضورآباد کی اسمبلی نشست اور ٹی آر ایس پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔آج حیدرآباد کے شاہ میر پیٹ میں اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے یہ اعلان کیا ہے۔
ایٹالہ راجندر نے یہ ریمارک کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے سوال کیا کہ کسی مجرم کو پھانسی دئیے جانے سے قبل اس کی آخری خواہش پوچھی جاتی ہے تو کیسے انکے خلاف لگائے جانے والےالزامات پر راتوں رات تحقیقات انجام دی گئیں اور کیسے انہیں وزیر صحت کے عہدہ سے ہٹادیا گیا!
ایٹالہ راجندر نے کہا کہ انکے وزیر کے عہدہ کا خیال تک نہیں کیا گیا ، کیا ہوا ہے یہ بھی نہیں دیکھا گیا صرف نصف گھنٹہ میں انہیں وزارت سے برطرف کردیا گیا۔
ایٹالہ راجندر نے الزام عائد کیا کہ اس سارے معاملہ میں وزیراعلیٰ کے سی آر نے اپنی فوج کو ہدایت دیکرانہیں تن تنہا کردینے کی کوشش کی انہوں نے الزام عائد کیا کہ انکے اسمبلی حلقہ میں ٹی آرایس پارٹی کارکنوں اور ان کے حامیوں کو ہراساں کیا جارہا ہے ساتھ ہی ایٹالہ راجندر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ حضورآباد حلقہ کے عوام ان کے ساتھ ہیں۔
ایٹالہ راجندرنے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی ٹی آرایس پارٹی میں رہتے ہوئے کسی بھی عہدہ کی خواہش نہیں کی تھی انہیں جو ذمہ داری تفویض کی گئی اس کو انہوں نے پورا کیا اور کبھی کوئی شکایت نہیں کی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں اسمبلی کی رکنیت سے ہٹانے کی کوشش کی جارہی تھی اور اتنا سب ہونے کے بعد بھی پارٹی میں موجود رہنا انکے لیے ممکن نہیں تھا اسی لیے وہ اسمبلی کی رکنیت اور ٹی آرایس پارٹی سے مستعفی ہورہے ہیں۔
یاد رہے کہ ایٹالہ راجندر ٹی آرایس کی تشکیل سے ہی پارٹی میں موجود تھے جنہوں نے 2004ء2009ء،2014ء اور2018ء کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی اورریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کے سی آر وزارت میں 2014ء میں تلنگانہ کے پہلے وزیر فینانس بنائے گئے۔ایٹالہ راجندر کو وزیراعلیٰ کے سی آر کا قریبی اور بااعتماد رفیق مانا جاتا تھا۔
ایٹالہ راجندر نے 2018ء میں ریاست کے وزیرصحت کا عہدہ سنبھالاتھا تاہم میدک ضلع میں اراضیات پر قبضہ کے الزامات کے فوری بعد گزشتہ ماہ ریاستی وزیراعلیٰ کے سی آر نے ایٹالہ راجندر کو اس عہدہ سے ہٹادیا تھا بعد ازاں انہیں ریاستی کابینہ سے بھی ہٹادیا گیا۔
ایٹالہ راجندر کو گزشتہ ماہ وزارت صحت سے ہٹائے جانے سے متعلق سحرنیوزڈاٹ کام میں شائع تفصیلی خبر کی لنک یہاں پیش ہے:
وزیراعلیٰ کے سی آر نے وزیرصحت کا قلمدان ایٹالہ راجندر سے اپنے پاس منتقل کرلیا، گورنر کی منظوری