درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ میں سیلابی پانی داخل، زائرین کو شدید مشکلات

 درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ میں سیلابی پانی داخل
زائرین کو شدید مشکلات، درگاہ کا اندرونی علاقہ جھیل میں تبدیل

حیدرآباد: 07۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

تلنگانہ کےدارالحکومت حیدرآباد سے 45 کلومیٹر کےفاصلہ پرضلع رنگاریڈی کے شادنگرحلقہ اسمبلی کے کوتور منڈل میں موجود تاریخی درگاہ حضرت سید جہانگیر پیراںؒ میں آج شام ہونے والی شدید بارش کے باعث سیلابی پانی داخل ہوگیا۔بتایا جاتا ہےکہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے آج تیسری مرتبہ اس طرح سیلابی پانی درگاہ کے اندرونی حصوں تک داخل ہوگیا۔

سیلابی پانی کےدرگاہ میں داخل ہوجانے کےباعث درگاہ کااندرونی حصہ جھیل میں تبدیل ہوگیا۔اس اچانک بارش اورسیلابی پانی کے درگاہ میں داخل ہوجانے سےمختلف مقامات سےزیارت کی غرض سے آئے ہوئے زائرین اور درگاہ کے ذمہ داران،وقف بورڈ کاعملہ اور خادمین کو شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔خادمین درگاہ نے بعدازاں اس سیلابی پانی کو درگاہ کے احاطہ سے خارج کیا۔

یاد رہے کہ حیدرآباد کے علاوہ پڑوسی ریاستوں آندھراپردیش اور کرناٹک کے علاوہ تلنگانہ کےمختلف مقامات سے روزآنہ بڑی تعداد میں بلاء لحاظ مذہب عقیدتمند درگاہ حضرت جہانگیر پیراں کی زیارت کے لیے پہنچتے ہیں۔

دوسری جانب چند سال قبل حکومت تلنگانہ نے ریاستی وقف بورڈ کے تحت موجود درگاہ حضرت سید جہانگیر پیراںؒ کی 50 کروڑ روپئے کےصرفہ سے 50 ایکڑ اراضی پر ترقی اور زائرین کومختلف سہولتوں کی فراہمی کا اعلان کیا تھا۔جس کے بعد اس کے لیے عہدیداروں نے منصوبہ تیار کیا لیکن تعمیراتی کاموں کا ہنوز آغاز نہیں کیا گیا اور یہ منصوبہ کاغذی کارروائی تک محدود ہوکر رہ گیا ہے!!۔

درگاہ میں سہولتوں کا فقدان،خراب سڑکوں،شکستہ و قدیم عمارتوں کے باعث زائرین اور خود درگاہ کے عملہ و خادمین کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔بالخصوص بارش کے موسم میں ہر سال اسی سیلابی صورتحال معمول بن گئی ہے۔زائرین اور اس علاقہ کے عوام کا الزام ہے کہ درگاہ حضرت سید جہانگیر پیراںؒ سےمختلف ذرائع سے ریاستی وقف بورڈ کو کروڑہا روپئےحاصل ہوتے ہیں۔پھر بھی سہولتیں ندارد ہیں!۔

وہیں عوام کا یہ الزام بھی ہے کہ حکومت تلنگانہ درگاہ کی ترقی کے معاملہ پرخلوص ہےلیکن عہدیداروں کی تساہلی سےان کاموں کےآغاز کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ایک ماہ سے قریبی نشیبی علاقوں سے سیلابی پانی درگاہ کے احاطہ میں داخل ہونے سے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔آج شام اس علاقہ میں ہونے والی شدید بارش کے باعث بھی یہی صورتحال پیدا ہوگئی۔

 

درگاہ کے چند زائرین نے بتایا کہ حیدرآباد کےمضافاتی ضلع رنگاریڈی کے کوتور منڈل کےموضع ینمن نروا میں موجود درگاہ حضرت سید جہانگیرپیراںؒ میں حال ہی منعقدہ نیاز شریف کی تقریب میں ریاستی وزیرداخلہ جناب محمدمحمود علی،صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ جناب محمدمسیح اللہ خان اور صدرنشین تلنگانہ مینارٹی فینانس کارپوریشن جناب محمد امتیاز نے شرکت اور درگاہ کی زیارت کے بعد وزیرداخلہ جناب محمدمحمود علی نے یاد دہانی کروائی تھی کہ وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے درگاہ حضرت سید جہانگیرپیراںؒ کی ترقی و توسیع کے ساتھ ساتھ زائرین کے لیے مختلف سہولتوں کی فراہمی کی غرض سے 50 ایکڑ اراضی اور 50 کروڑ روپیوں کی منظوری دی ہے۔اور اس کے لیے تمام منصوبے تیار کرلیے گئے ہیں۔

جبکہ اس سے قبل خود وزیراعلیٰ نے بھی درگاہ کی ترقی و توسیع کا اعلان کیا تھا۔تاہم اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہ ہونے کےباعث بارش کے دوران اور عام دنوں میں زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔زائرین اور اس علاقہ کے عوام کے ساتھ ساتھ درگاہ کے معتقدین کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر درگاہ کے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے۔