تلنگانہ: ورنگل میں آن لائن کرکٹ بٹنگ اور قماربازی کا غیر قانونی کاروبار بے نقاب
دو کروڑ روپئے کی نقد رقم ضبط،دو گرفتار،مختلف بینکوں کے 43 پاس بک اور دیگر اشیا بھی ضبط
حیدرآباد/ورنگل: 29۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ورنگل پولیس نے آن لائن کرکٹ بٹنگ اور قماربازی (تاش؍جوا) کے غیر قانونی کاروبار کا پردہ فاش کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کے قبضہ سے دو کروڑ پانچ لاکھ 14 ہزار روپئے نقد رقم ضبط کرلی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ممبئی کو مرکز بناکر یہ لو گ بڑے پیمانے پر اس غیر قانونی آن لائن بٹنگ کے کاروبار میں مصروف تھے۔کاکتیہ یونیورسٹی پولیس کی جانب سے انجام دی گئی اس کارروائی میں اس ریاکٹ کے قبضہ سے مختلف بینکوں کے 43 پاس بکس،بڑی تعداد میں اے ٹی ایم کارڈس اور سات موبائل فونس بھی ضبط کیے گئے ہیں۔
کمشنر پولیس ورنگل مسٹر ترون جوشی نے میڈیا کو بتایا کہ ہنمکنڈہ ضلع کے ساکن ماڈی شیٹی پرساد اور مہاراشٹرا کے ساکب ابھئے نامی یہ دونوں سٹہ باز ممبئی کو مرکز بناکر آن لائن کرکٹ بٹنگ اور آن لائن قمار بازی (تاش) کا کاروبار چلارہے تھے جنہیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔اور ان کے قبضہ سے دو کروڑ پانچ لاکھ 14 ہزار روپئے نقد رقم ضبط کرلی گئی۔

کمشنر پولیس ورنگل مسٹر ترون جوشی کے مطابق گرفتار شدہ ماڈی شیٹی پرساد حیدرآباد کے حفیظ پیٹ میں کپڑوں کا کاروبار کیا کرتا تھا تاہم جلد دؤلتمند بننے کے چکر میں اس نے 2016ء میں کرکٹ بٹنگ اور آن لائن تاش بٹنگ کا غیرقانونی کاروبار شروع کردیا۔اس سلسلہ میں اس نے ممبئی سے آن لائن یہی کاروبار کرنے والے ایک اور ملزم ابھئے کے رابطہ میں آیا اور ان کی جان پہچان ہوگئی۔ بعدازاں ان دونوں نے چند دوستوں کے ساتھ مل کر اس غیر قانونی کاروبار کا آغاز کیا۔
یہ دونوں پہلے نئے نئے آن لائن جواریوں کو جتانے کا کام کرتے بعدازاں ان سے ہار کے نام پر بھاری تعداد میں رقم حاصل کرلیتے۔اور یہ دونوں آن لائن جواریوں کی ہار کا بندوبست بھی خود ہی طئے کیا کرتے تھے۔
کمشنر پولیس ورنگل مسٹر ترون جوشی نے بتایا کہ اس طرح ان دونوں ملزموں نے کثیر تعداد میں روپیہ کمایا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اس بٹنگ مافیا کے ہاتھوں گزشتہ تین ماہ کے دؤران تلنگانہ اور آندھراپردیش کے بہت سے لوگ دھوکہ دہی کا شکار ہوکر بڑے پیمانے پر اپنی رقم گنوائی ہے۔اس سلسلہ میں کاکتیہ یونیورسٹی پولیس مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔

