تلنگانہ میں "اومی کرون” سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت چوکس و تیار
ریاست کے 6 اضلاع پر خصوصی نظر رکھی جائے
ریاستی کابینہ کا اجلاس، کابینہ کی سب کمیٹی تشکیل،چیف منسٹر چندراشیکھرراؤ کی ہدایت
حیدرآباد: 29۔نومبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤ کی صدارت میں آج پرگتی بھون حیدرآباد میں ریاستی کابینہ کا ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔
اس اجلاس میں سب سے پہلے عوامی صحت اور ریاست میں طبی سہولتوں کی فراہمی پر غور کیا گیا۔ریاستی کابینہ کے اس اجلاس میں اسٹیٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی چوکسی،مختلف اہم ادویات کی دستیابی، آکسیجن بیڈس کی موجودگی کے بشمول دیگر اہم امور پر غور کیا گیا اور اس کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔
ان تمام امور پر محکمہ صحت و طبابت کے عہدیداروں نے ایک منصوبہ جاتی رپورٹ کابینہ کے حوالے کی۔ریاستی کابینہ کے اجلاس میں کورونا وائرس کی تشخیص کو بڑھانے کے لیے درکار سہولتوں اور ذرائع پر بھی غور کیا گیا۔
ریاستی کابینہ کے اس اجلاس میں محکمہ صحت و طبابت کے عہدیداروں نے کورونا وائرس کی دوسری شکل”اومی کرون وائرئنٹ”کے متعلق جاریہ اطلاعات اور ماہرین کا انتباہ اورمختلف ممالک میں اس اومی کرون وائرئنٹ کی موجودہ حالت سے متعلق تفصیلات سے بھی ریاستی کابینہ کو واقف کروایا۔گزشتہ دو سال کے دؤران کورونا وباء کے دؤران کیے گئے اقدامات اور اس کے بہتر نتائج پر بھی اس اجلاس میں بات کی گئی۔
ریاستی محکمہ صحت و طبابت کے عہدیداروں نے اس اجلاس میں ریاستی کابینہ کو بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں محکمہ صحت تمام امراض سے نمٹنے کے لیے چوکس اور تیار ہے اور تمام ادویات،ضروری طبی اشیاء،انسانی خدمات دستیاب ہیں اور ہرطریقہ سے محکمہ تیار و چوکس ہے۔
ریاستی کابینہ نے اس اجلاس میں محکمہ صحت و طبابت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست کے تمام ہسپتالوں میں حالات کا جائزہ لیا جائے اور ان ہسپتالوں کو درکار ادویات،ٹیکے سمیت دیگر تمام ضروری طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی حالات سے نمٹنے کے لیے ریاستی محکمہ صحت ہمیشہ تیار اور چوکس رہے۔
ریاستی کابینہ کے اس اجلاس میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست کے تمام ہسپتالوں میں جائزہ لیتے ہوئے کوویڈ ویکسین دئیے جانے کے عمل میں مزید تیزی پیدا کی جائے۔اور اس کے لیے ریاستی وزراء اپنے اپنے اضلاع میں خصوصی جائزہ لیں اور جنہیں ضرورت ہے انہیں فوری ٹیکے دئیے جائیں۔
چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے اس کابینہ کے اجلاس میں سیکریٹری محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ اضلاع میں ٹیکہ دئیے جانے کا جائزہ لیتے ہوئے ریاست کے اضلاع عادل آباد،کومرم بھیم ،نرمل ،محبوب نگر، نارائن پیٹ اور گدوال پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔
ریاستی کابینہ کے اس اجلاس میں کورونا وائرس کی دوسری شکل اومی کرون سے نمٹنے کے لیے ٹیکے دئیے جانے پر خصوصی نظر رکھنے کی غرض سے کابینہ کی ایک سب کمیٹی تشکیل دی گئی۔
اس سب کمیٹی کے چیئرمین ریاستی وزیرصحت و فینانس ٹی۔ہریش راؤ ہوں گے جبکہ اس سب کمیٹی کے ارکان کے طور پر ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے ٹی آر،ریاستی وزیر پنچایت ایرابیلی دیاکر راؤ اور ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی رہیں گے۔

