حیدرآباد میں ای ڈی کے ہاتھوں جیولر گرفتار، 25 کروڑ روپئے مالیتی 54 کلو طلائی زیورات ضبط
کولکاتا کی عدالت میں پیش،سات دن کے لیے ای ڈی کی تحویل میں روانہ
حیدرآباد: 30۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
ڈائرکٹوریٹ آف انفورسمنٹ (ای ڈی) نے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک جوہری سنجے کمار اگروال کو گرفتار کرلیا ہے۔
محکمہ انفورسمنٹ اینڈ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے عہدیداروں کے مطابق غیر ممالک سے برآمد کیے جانے والے سونا کو غیرقانونی اور قواعد کے خلاف فروخت کیے جانے کے معاملہ میں انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔
اطلاع ہے کہ حیدرآباد کے جوہری سنجے کمار اگروال کو مہاراشٹرا کے پونے کے قریب لونا والا میں امبی ویلی میں منعقدہ ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر محکمہ انفورسمنٹ اینڈ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے گرفتارکرلیا جن کی نقل و حرکت پر نظر رکھی گئی تھی۔
پیر کے دن انجام دی گئی اس کارروائی کے بعد سنجے کمار اگروال کو کولکاتہ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں سات دنوں کے لیے محکمہ انفورسمنٹ اینڈ ڈائرکٹوریٹ کی تحویل میں دے دیا گیا۔عہدیداروں کے مطابق سنجے کمار اگروال سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
محکمہ انفورسمنٹ اینڈ ڈائرکٹوریٹ کے عہدیداروں نے بتایا کہ اسی کیس میں سنجے کمار اگروال کے قبضہ سے غیر قانونی طریقہ سے منتقل کیے جارہے 25 کروڑ 25 لاکھ روپئے مالیتی 54 کلو سونا اور مختلف طلائی زیورات بھی ضبط کیے گئے ہیں اور ان کے بینک کھاتے میں موجود 56 لاکھ روپئے محکمہ انفورسمنٹ اینڈ ڈائرکٹوریٹ نے منجمد کردئیے ہیں۔
گرفتار شدہ گھنشیام داس جیمس اینڈ جیولرس کے مالک سنجے کمار اگروال کے متعلق محکمہ انفورسمنٹ اینڈ ڈائرکٹوریٹ کے عہدیداروں نے بتایا کہ غیر ممالک سے برآمد کیا گیا سونا کو طلائی زیورات کی شکل میں ڈھالنے کے بعد دوبارہ غیر ممالک میں ہی فروخت کرنے کا لزوم اور قوانین ہیں۔تاہم سنجے کمار اگروال ان زیورات کو ملک میں ہی فروخت کررہے تھے۔
محکمہ انفورسمنٹ اینڈ ڈائرکٹوریٹ کے عہدیداروں کے مطابق اور اس کاروبار کی انجام دہی کے دؤران وہ کسی بھی قسم کا ٹیکس ادا نہیں کررہے تھے۔جس پر ڈائرکٹر آف ریونیو انٹلی جنس (DRI) کی اطلاع پر محکمہ انفورسمنٹ اینڈ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے ان کے خلاف پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے تحقیقات کی جارہی تھیں۔

