تلنگانہ میں اسکولس بند نہیں کیے جارہے،عوام افواہوں پر یقین نہ کریں : وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا بیان

تلنگانہ میں اومی کرون وائرئنٹ کی وجہ سے اسکولس بند نہیں کیے جارہے
عوام افواہوں پر یقین نہ کریں،وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی کا بیان
سوشل میڈیا پر نیوز کی شکل میں جھوٹا بیان وائرل کردیا گیا

حیدرآباد: 30۔نومبر (سحر نیوز ڈاٹ کام)

آج شام سے واٹس ایپ پر ایک نیوز پورٹل کے نام سے تلگو زبان میں ایک پوسٹر وائرل کردیا گیا ہے۔جس میں لکھا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری شکل اومی کرون کے تیزی کے ساتھ پھیلنے کے معاملات کو دیکھتے ہوئے حکومت تلنگانہ اور ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے ریاست میں تمام تعلیمی اداروں کو بند کردینے کا اعلان کیا ہے۔

ساتھ ہی اس وائرل شدہ نیوز پرمشتمل پوسٹر میں لکھا گیا ہے کہ کل منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی کو ہدایت دی ہے کہ ریاست تلنگانہ میں 2 ڈسمبر سے تمام تعلیمی اداروں کو بند کردیا جائے۔

اس سلسلہ میں ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی ہے کہ ریاستی حکومت یا انہوں نے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔

ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے سوشل میڈیا پر وائرل اس تعلیمی اداروں کو بند کردئیے جانے کے حکومت کے فیصلے کی اطلاع کو جھوٹ اور افواہ قراردیتے ہوئے طلبہ، والدین اور اسکولس کے انتظامیہ سے خواہش کی ہے کہ وہ اس طرح کی جھوٹی افواہوں پر یقین نہ کریں۔

ساتھ ہی ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے انکشاف کیا ہے کہ کل منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے تمام کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کو جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔

اپنے بیان میں ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے طلبہ، والدین اور اسکولس کے انتظامیہ سے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں تمام کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کرتے ہوئے تعلیم جاری رکھیں۔