اسلام امن و سلامتی اور رواداری کا مذہب، تانڈور میں مسجد محمدیہ اہلحدیث کے دؤرہ کی غیرمسلم برادران وطن کو دعوت،600 سے زائد شریک

تانڈور میں مسجد محمدیہ اہلحدیث کے دؤرہ کی غیرمسلم برادران وطن کو دعوت
ایم ایل سی،ایم ایل اے،وائس چیئر مین بلدیہ، ڈی ایس پی اورسرکل انسپکٹر
کے بشمول 600 سے زائد مرد و خواتین نے مسجد اور نماز ظہر کی ادائیگی کا مشاہدہ کیا
وقارآباد/تانڈور:19جون(سحرنیوزڈاٹ کام)

جمعیت اہلحدیث ضلع وقارآباد اورجمعیت اہلحدیث تانڈور کی جانب سے غیرمسلم برادران وطن کو”میری مسجد کا دؤرہ کیجئے”کےتحت آج بروز اتوار مسجد محمدیہ(اہلحدیث)،خان کالونی کے دؤرہ کی دعوت دی گئی تھی۔11بجے دن تا شام 4بجے تک منعقدہ اس پروگرام میں رکن قانون ساز کونسل وسابق وزیرٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی،رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی،نائب صدرنشین بلدیہ تانڈور پٹلولا دیپا نرسملو،ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ،چندراکانت باوا،پرشوتم سونی،شیام سندر سارڈا،پنکو بوب،سنتوش گوڑ کے علاوہ 600 سے زائدغیرمسلم افراد نے شرکت کی جن میں مرد و خواتین اور تمام طبقات کے افراد شامل تھے۔

مسجد کا دؤرہ کرنے والے ان تمام مدعوئین کومسجد کی دونوں منازل کا تفصیلی مشاہدہ کروایا گیا اور اس موقع پر اسلامی تعلیمات پرمشتمل پوسٹرز اور بیانرس بھی دکھائے گئے۔ان تمام مدعوئین نےمسجد میں ان کے لیے مختص کرسیوں پر بیٹھ کرنماز ظہر کی ادائیگی کادلکش نظارہ بھی کیا بعد ازاں ان تمام مدعوئین کے لیے مسجد کی دوسری منزل پر ظہرانہ ترتیب دیا گیا تھا جس میں انہوں نے بلا کسی جھجک شرکت کی۔

اس موقع پر جمعیت اہلحدیث حیدرآباد کے علماءکرام اور ذمہ داران مولانا حماد عمری اور محمد محسن کے علاوہ امیر جمعیت اہلحدیث ضلع وقارآباد نذیر احمد جامعی،خازن عبدالرشید جامعی،مولانا محمدعثمان غنی امیر مقامی کے بشمول دیگر نے تمام غیرمسلم شرکا کو قرآنی آیات اوراحادیث کی رؤشنی میں اسلام کا تعارف پیش کرتے ہوئے انہیں واقف کروایا کہ اسلام امن و سلامتی اور رواداری و مساوات کا مذہب ہے جس نے بلا تفریق مذہب و ملت انسانیت کی فلاح کی سخت تعلیم اور تاکید کی ہے۔

موجودہ حالات میں وقت کی اہم ضرورت مانے جانے والے ایسے پروگرام کے دؤران رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی،رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی،ڈی ایس پی جی۔شیکھر گوڑ کوجمعیت اہلحدیث کے ذمہ داران کی جانب سے تلگو زبان میں ترجمہ شدہ قرآن پاک کے نسخے اور سیرت نبیؐ پرمشتمل کتابیں بطور تحفہ پیش کی گئیں۔جنہیں ان تمام نے بصد احترام قبول کیا اور اس طرزکےپروگراموں کے انعقاد کی سخت ضرورت پر زور دیتے ہوئےکہاکہ ایسے پروگراموں کے ذریعہ ایک دوسرے کے درمیان پیدا کی گئیں غلط فہمیوں کا ازالہ ہوگا اور اس سے قومی یکجہتی میں مزید فروغ حاصل ہوگا۔

جمعیت اہلحدیث کے اس میری مسجد کا دؤرہ کیجئے پروگرام میں شرکت کرنے والے 600 سے زائد غیرمسلم برادران وطن کو قرآن مجید کےہندی اور تلگو زبان میں ترجمہ شدہ نسخے بطور تحفہ پیش کئے گئے جنہیں ان تمام نےقبول کیا اور جمعیت اہلحدیث کاشکریہ ادا کرتےہوئے کہا کہ وہ اس مسجدکے دؤرہ کی دعوت سےبہت متاثر ہوئے ہیں۔نماز ظہر کی باجماعت ادائیگی کامنظر،مسجد کا تفصیلی مشاہدہ اور ظہرانے میں ایک ساتھ شرکت کرنے سے ان میں مسلمانوں کے تئیں اچھے تاثرات ابھرے ہیں اور وہ اپنے ساتھ مسجد سے خوشگوار یادیں لے کر جارہے ہیں۔

اس پروگرام میں جمعیت اہلحدیث کے ذمہ داران مولاناخلیل الرحمن محمدی،ایم اے ستار مجاہدی(گولکنڈہ)،عبداللہ مجاہدی،عبدالرحمن مجاہدی،امیر منتظمہ مسلم ویلفیئراسوسی ایشن محمدخورشید حسین،صدرمسلم ویلفیئراسوسی ایشن محمد بابر،نائب صدرایم اے علیم شلو،سابق صدر عبدالاحد،صدر جمعیتہ علما وقارآبادضلع مولانامحمد عبداللہ اظہر قاسمی،جنرل سیکریٹری مولاناعبدالرحمن اطہر قاسمی،صدرٹاؤن ٹی آر ایس ایم اے نعیم افو،سابق صدر ٹاؤن ٹی آر ایس عبدالرؤف،رکن ضلع آر ٹی اے محمدجاوید،رکن بلدیہ مختار ناز،سابق رکن بلدیہ محمدعرفان،حسن الدین صدیقی اور دیگرموجود تھے

اس پروگرام کےکامیاب انعقاد میں مولانامحمدشکیل احمدعمری،خضرمجاہدی،عبدالشکورخان،محمدوسیم،محمدعقیل،محمدفرقان،ڈاکٹرعبدالحنان،عبدالشکور، محمدفہیم،عرفان مجدہدی،حاجی،ابوبکر کے علاوہ دیگر نوجوانوں نےحصہ لیا۔