ترکاری فروش شیخ فیاض باشاہ کے سر پر بلدیہ رائے چوٹی کی صدارت کا تاج

ترکاری فروش شیخ فیاض باشاہ کے سر پر بلدیہ رائے چوٹی کی صدارت کا تاج

کڈپہ :رائے چوٹی 18۔مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)
کہتے ہیں کہ قسمت کب اور کہاں مہربان ہوجائے کہا نہیں جاسکتا۔لیکن محنت،لگن ،ایمانداری،حوصلہ اور جدوجہد کے ذریعہ انسان کسی بھی چوٹی کو سر کرسکتا ہے۔
آندھراپردیش کے رائے چوٹی کے ساکن شیخ فیاض باشاہ اسکی واضح مثال بن کر ابھرے ہیں جو ترکاری فروخت کرتے  ہوئے وہ میدان سیاست میں آگئے اور انکے سر پر بلدیہ رائے چوٹی کے چیئر پرسن کا تاج سج گیا۔


جی ہاں یہ حقیقت ہے میدان سیاست میں کون، کب اور کہاں آسمان کی بلندی سے نیچے گرجائے اور کون، کہاں اور کب سیاست کی چوٹی پر پہنچ جائے یہ کہنا مشکل ہوتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حال ہی میں پڑوسی تلگو ریاست آندھرا پردیش میں میونسپل کارپوریشنس اور میونسپلٹی کے انتخابات کا عمل مکمل ہوچکا ہے ۔جس میں آندھراپردیش کی برسر اقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے جملہ 86 میونسپل کارپوریشنس اورمیونسپلٹیز میں سے 84 پر قبضہ کرلیا تھا۔

خوش قسمتی سے آج شیخ فیاض باشاہ کڈپہ ضلع کے رائے چوٹی کی بلدیہ کیلئے چیئر پرسن منتخب کرلیے گئے۔شیخ فیاض باشاہ جن کا متوسط طبقہ سے تعلق ہے کی کہانی بھی عجیب ہے گرائجویشن کی تکمیل کے بعد ملازمت نہ ملنے پر انہوں نے ترکاری فروخت کرنے کا کام شروع کردیا۔باشاہ کو یقین تھا کہ ایک نہ ایک دن ان کی قسمت بدلے گی ضرور۔

حالیہ بلدی انتخابات میں 34 رکنی مجلس بلدیہ رائے چوٹی کیلئے انتخابات منعقد ہوئے تھے جن میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے 31 امیدوار بلاء مقابلہ منتخب ہوگئے جن میں شیخ فیاض باشاہ بھی شامل ہیں۔
شیخ فیاض باشاہ رکن بلدیہ کی حیثیت سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر بلدی حلقہ 30 سے مقابلہ کرتے ہوئے بلاء مقابلہ منتخب ہوگئے۔
بتایا جاتا ہے کہ رائے چوٹی میں مسلم اربن ووٹوں کا تناسب 60 فیصد ہے۔

بلدیہ رائے چوٹی کی صدارت کیلئے جب امیدوار کے انتخاب کا معاملہ وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش و وائی ایس آر کانگریس پارٹی سپریمو وائی ایس جگن موہن ریڈی کے پاس پہنچا تو ان کی پہلی نظر شیخ فیاض باشاہ پر پڑگئی اور انہوں نے انکے نام کو قطعیت دے دی۔اس طرح ترکاری فروش شیخ فیاض باشاہ رائے چوٹی کے صدر نشین بلدیہ بن گئے۔

اپنے انتخاب کے بعد شیخ فیاض باشاہ نے وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بلدیہ رائے چوٹی کے تمام 34 بلدی حلقہ جات کی مساوی ترقی کیلئے تمامتر اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔

ہمارے نمائندہ کڑپہ اور رائے چوٹی نے انکشاف کیاہے کہ انتخابات کے موقع پر شیخ فیاض باشاہ کی رائے چوٹی کی مشہورشخصیت بیوپاری محمد خان نے ہر طرح سے مدد کی اور ساتھ ہی انتخابات کے دؤران شیخ فیاض باشاہ کے دوست احباب نے بھی ان کا مکمل ساتھ دیا۔

گرائجویشن کی تکمیل کے بعد ترکاری فروخت کرتے ہوئے صدر نشین بلدیہ رائے چوٹی کی باوقارسیٹ تک کے سفر میں یقیناً شیخ فیاض باشاہ کی اپنی قابلیت اوران قسمت کا بھی بہت بڑا دخل مانا جاسکتا ہے۔