اومی کرون متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر
ملک میں 15 تا 18 سال کے بچوں کو ویکسین دئیے جائیں گے
قوم سے وزیراعظم نریندرمودی کا خطاب
دہلی: 25۔ڈسمبر (سحر نیوز ڈاٹ کام)
ملک میں روزآنہ بڑھتی ہوئی اومی کرون متاثرین کی تعداد کے دؤران آج رات وزیراعظم نریندرمودی نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ملک میں 15 تا 18 سال کے حامل بچوں کو ٹیکے دئیے جانے کا آغاز کیا جائے گا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ 60 سال کی عمر کی تکمیل کرلینے والے تمام افراد کو اور مختلف امراض کے شکار لوگوں بھی احتیاطی طور پر ویکسین دیئے جائیں گے۔

وزیراعظم نریندرمودی نے اپنے خطاب میں قوم کو مشورہ دیا کہ وہ کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔ساتھ ہی وزیراعظم نریندر مودی نے عوام سے کہا کہ وہ ہرگز خوفزدہ یا اندیشوں کا شکار نہ ہوں لیکن چوکس ضرور رہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں اومی کرون سے بہت سے لوگ متاثر ہوئے ہیں تاہم اس سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ اومی کرون اور کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے عوام ماسک لازمی طور پر پہنیں اور اپنے ہاتھ دھوتے رہیں اور یہی احتیاطی اقدامات ہمیں اومی کرون سے محفوظ رکھیں گے اور یہی ہمارا اہم ہتھیار ہے۔
وزیراعظم نے کوویڈ ویکسین کا پہلا ٹیکہ لینے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ فوری لازمی طور پر دوسرا ویکسین بھی لیں۔قوم کے نام اپنے خطاب میں وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ جاریہ سال 16 جنوری سے کوویڈ ویکسین دئیے جانے کے عمل کا آغاز کیا گیا تھا اور آج تک ملک میں 141 کروڑ افراد نے کوویڈ ویکسین لینے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ بہت کم وقت میں نشانہ کو مکمل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک ملک کے 61 فیصد سے زائد نوجوانوں نے کوویڈ ویکسین کے دونوں ٹیکے لیے ہیں جبکہ 90 فیصد افراد نے کوویڈ ویکسین کا پہلا ٹیکہ لیا ہے۔
آج رات قوم کے نام اپنے خطاب میں وزیراعظم نریندر مودی نے اعلان کیا کہ 3 جنوری 2022ء سے 15 تا 18 سال کے بچوں کو ٹیکہ دئیے جانے کے لیے تیار ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اس سے کورونا وائرس کے خلاف ہماری ہماری جدوجہد کو مزید مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ اسکولوں اور کالجوں میں زیرتعلیم طلبہ کی صحت اور ان کے تحفظ کے لیے بھی بہتر عمل ہوگا۔
وزیراعظم نریندرمودی نے قوم کے نام اپنے خطاب میں مشورہ دیا کہ اپنی عمر کی 60 سال کی تکمیل کرلینے والے افراد اپنے ڈاکٹرس سے مشورہ کے بعد کوویڈ ویکسین لیں اور اس کی سہولت بھی 3 جنوری سے حاصل رہے گی۔
اپنے خطاب میں وزیراعطم نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری شکل اومی کرون کی وبا کئی ممالک میں تیزی کے ساتھ پھیلتی جارہی ہے جسے دیکھتے ہوئے لازمی ہے کہ عوام چوکس رہیں۔
مختلف ممالک میں اومی کرون کے پھیلنے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اس سے خوفزدہ نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے اومی کرون معاملات کو دیکھتے ہوئے ملک کی چند ریاستوں میں رات کا کرفیو نافذ کرتے ہوئے کئی ایک احتیاطی اقدامات کے تحت پابندیاں عائد کی گی ہیں۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے اعلان کیا کہ فرنٹ لائنرس اور ہیلتھ کیئر کارکنوں کو بوسٹر ڈوز دئیے جائیں گے اور اس کا تجربہ 10 جنوری 2022 سے شروع کیا جائے گا۔اور ساتھ ہی شدید بیماریوں کے شکار 60 سال عمر سے زائد افراد کو بھی بوسٹر ڈوز دئیے جائیں گے۔تاہم ان کے لیے ڈاکٹرس سے صلاح لینا ضروری ہوگا۔
قوم کے نام اپنے خطاب میں وزیراعظم نرنیدر مودی نے کہا کہ حالات سے نمٹنے کے لیے ملک میں 18 لاکھ آکسیجن بیڈس کی سہولت دستیاب ہے اور 3،000 سے زائد آکسیجن پلانٹ موجود ہیں۔انہوں نے کہا اس کے علاوہ ملک کی ریاستوں کو چار لاکھ آکسیجن سیلنڈرس فراہم کیے گئے ہیں۔اور ضرورت پڑنے پر ریاستوں کو ادویات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بوسٹر ڈوز کی تیاری میں ریاستوں کی مدد بھی کی جارہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں پھیلی ہوئی کورونا وبا کو دیکھتے ہوئے عوام احتیاطی اقدامات کریں اور کوویڈ قواعد پر لازمی طور پر عمل کریں۔وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اب اومی کرون کا خوف ہمارا تعاقب کررہا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے ہمارے سائنسداں اور ماہرین طب چوکس ہیں۔

