چیف منسٹر اُترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ اور سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو کورونا وائرس سے متاثر
لکھنو:14۔اپریل (سحر نیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر اُترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ اور سابق چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو کورونا وائرس سے متاثرہوئے ہیں۔جسکے بعد انہوں نے خود کو اپنی رہائش گاہ میں آئسولیٹ کرلیا ہے۔
اس سلسلہ میں آج دوپہر یوگی آدتیہ ناتھ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ان کی رپورٹ کورونا پازیٹیو آئی ہے۔
शुरुआती लक्षण दिखने पर मैंने कोविड की जांच कराई और मेरी रिपोर्ट पॉजिटिव आई है।
मैं सेल्फ आइसोलेशन में हूं और चिकित्सकों के परामर्श का पूर्णतः पालन कर रहा हूं। सभी कार्य वर्चुअली संपादित कर रहा हूं।
— Yogi Adityanath (मोदी का परिवार) (@myogiadityanath) April 14, 2021
ہندی میں کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں چیف منسٹر اُترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے لکھا ہے کہ اندرونی علامات کے بعد انہوں نے اپنا کورونا ٹسٹ کروایا تھا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے اور میں نے خود کو آئسولیٹ کرتے ہوئے مکمل طور طبی ماہرین کے مشوروں پر عمل کررہا ہوں۔یاد رہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے مغربی بنگال میں بی جے پی کی جانب سے انتخابی مہم میں حصہ لیا تھا!!
کل ہی انکے دفتر کے چند عہدیداروں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ نے خود کوآئسولیشن کرلیا تھا۔چیف منسٹر اُترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ ریاست اترپردیش کا سرکاری کام کاج حسب معمول جاری رہے گا ۔ساتھ ہی یوگی آدتیہ ناتھ نے ان افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بھی اپنا طبی معائنہ کروالیں جو گزشتہ چند دنوں کے دؤران انکے راطبے میں آئے تھے۔یوگی آدتیہ ناتھ نے 9 دن قبل ہی کوویڈ ویکسین کا پہلا ٹیکہ لیا تھا۔
یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ انکے پیشرو ،سابق چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جو اتراکھنڈ میں جاری کنبھ میلہ سے واپس ہوئے ہیں جہاں انہوں نے مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔
اسی طرح اتر پردیش کے ہی وزیر برائے دیہی ترقیات آشوتوش ٹنڈن بھی کورونا وائر سے متاثر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب اتر پردیش میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس معاملات کے بعد وہاں مختلف پابندیوں کیساتھ کئی اضلاع میں رات کا کرفیونافذ العمل ہے۔
اتر پردیش میں کل منگل کو 18,021 کورونا وائرس کے نئے کیس درج ہوئے ہیں جبکہ 85 کورونا وائرس متاثرین کی موت واقع ہوئی ہے۔