ماہِ رمضان المبارک میں عمرہ کی ادائیگی کے خواہشمندوں کیلئے کوویڈ ویکسین کا کورس مکمل کرلینے کا لزوم
سعودی عرب/ریاض 5۔اپریل (ایجنسیز/سحر نیوزڈاٹ کام)
وزارت حج و عمرہ حکومت سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ رمضان المبارک میں عمرہ کی سعاد ت حاصل کرنے والے خواہشمندوں کیلئے لازمی ہوگا کہ وہ کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے کوویڈ ویکسین کے دونوں ٹیکے لے چکے ہوں۔اورکوویڈ ویکسین کا یہ کورس مکمل کرنے والوں کو عمرہ کی ادائیگی کا اجازت نامہ جاری کیا جائے۔
وزارت حج وعمرہ نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے موقع پر مسجد حرام میں نمازیوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے اعلان کے مطابق یکم رمضان المبارک سے مسجد حرام میں نماز اور عمرہ کے مناسک کی ادائیگی کے اجازت نامہ انہی افراد کو جاری کیے جائیں گے جنہوں نے کوویڈ ویکسین کا کورس مکمل کرلیا ہو۔
سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے وضاحت جاری کی ہے کہ جو لوگ اجازت نامہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور وہ کوویڈ ویکسین کے دونوں حفاظتی ٹیکے لے چکے ہیں تو انہیں چاہئے کہ وہ سعودی وزارت حج و عمرہ کے ” توکلنا ایپ” پر اپنی لازمی طور پر مکمل تفصیلات درج کروائیں۔اور درخواست گزاروں کیلئے عمرہ اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے اس ایپ پر اندراج کرنا لازمی ہے۔
سعودی عرب کی وزارت صحت کی ہدایات کے مطابق مملکت میں رہنے والے 18 سال تا 70 سال تک کی عمر کے افراد کو عمرہ کی اجازت رہےگی۔
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے قبل ازیں ایک سرکیولرجاری کرتے ہوئے حج وعمرہ کی خدمات کیلئے متعین تمام کارکنان کو ماہِ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل کو ویڈ ویکسین لگوالینے کی ہدایت دی تھی۔
ماہِ رمضان میں عمرہ کے موقع پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اس سے تحفظ کیلئے سعودی مملکت انتہائی چوکسی اور مستعدی کا مظاہرہ کرنے میں مصروف ہے۔