آسام کے ایک پولنگ بوتھ پر جملہ ووٹرس 90،مگر 181 ووٹ ڈالے گئے ، 6 انتخابی عہدیدارمعطل

آسام کے ایک پولنگ بوتھ پر جملہ ووٹرس 90 ، مگر 181 ووٹ ڈالے گئے ، 6 انتخابی عہدیدارمعطل

گوہاٹی:5۔اپریل(ایجنسیز/سحرنیوزڈاٹ کام)
آسام میں جاری اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کے دؤران گزشتہ ہفتہ ہی کریم گنج ضلع میں رائے دہی کے بعد ای وی ایمس کی اسٹرانگ روم منتقلی کے دؤران ای وی ایم مشین ایک بی جے پی ایم ایل اے/امیدوار کی بیوی کی کار سے برآمد ہوئے تھے۔اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے چار عہدیداروں کو معطل کرتے ہوئے اس پولنگ بوتھ پر دوبارہ رائے دہی کا حکم دیا تھا۔

اسی آسام میں آج سب کو حیرت کردینے والا ایک واقعہ منظرعام پر آیا ہے کہ ایک ایسا پولنگ بوتھ جہاں صرف 90 رائے دہندے رجسٹرڈ  ہیں اور انہی کو ووٹ دینے کا حق حاصل ہے لیکن اسی پولنگ بوتھ پر181 ووٹ ڈالے گئے ہیں۔

فائل فوٹو

جسکے بعد الیکشن کمیشن نے اس سلسلہ میں 6 انتخابی عہدیداروں کو معطل کردیا ہے اور امکان ہے کہ اس پولنگ بوتھ پر دوبارہ رائے دہی کا حکم جاری کیا جائے گا!!

خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے بموجب الیکشن کمیشن نے جن 6 انتخابی عملہ کے عہدیداروں کو اس معاملہ میں معطل کیا ہے ان میں سیکوسیم لہنگم ، پرہلاد سی ایچ رائے ، پرمیشور چارنگسا ، سواراج کانتی دا س اور للزاملو تھیک شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اس اسمبلی حلقہ سے 2016ء کے انتخابات میں بی جے پی امیدواربیر بدرا ہاگجیر کامیاب ہوئے تھے اور یہاں 74 فیصد رائے دہی ریکارڈ ہوئی تھی۔
آسام میں تین مرحلوں میں رائے دہی ہورہی ہے جس کا آغاز 27 مارچ کو ہوا ،دوسرا مرحلہ گزشتہ ہفتہ ہوا اور اب ان انتخابات کیلئے آخری مرحلہ کے تحت کل 6 اپریل کو رائے دہی منعقد ہوگی۔آسام میں برسراقتدار بی جے پی کوکانگریس اتحاد والے مہا جوٹ اوراپوزیشن اتحاد سے سخت مقابلہ درپیش ہے جس میں سابق اتحادی بوڈو لینڈ پیوپلس فرنٹ بھی شامل ہے۔