چیف سیکریٹری تلنگانہ سومیش کمار کورونا وائرس سے متاثر
حیدرآباد:6۔اپریل(سحر نیوزڈاٹ کام)
ملک کی مختلف ریاستوں میں کوروناوائرس کی دوسری لہر کے دؤران متاثرین کی تعدادمیں تشویشناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا جارہاہے مہاراشٹرا سب سے زیادہ متاثر ہورہا ہے۔
ریاست تلنگانہ میں بھی کورونا وائرس کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے تاہم حالات قابو میں بتائے جاتے ہیں۔
ایسے میں آج ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں ڈاکٹرس نے اس کی تصدیق کی ہے ان کی صحت بہتر اورمستحکم بتائی جاتی ہے۔

ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے آج منگل کے دن ہی ریاست کے ضلع کلکٹران سے ویڈیو کانفرنس منعقد کرتے ہوئے اضلاع میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے لازمی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

وہیں میڈیا میں یہ اطلاعات بھی زیرگشت ہیں کہ چیف سیکریٹری سومیش کمار نے کل ہی ریاستی وزیر اعلیٰ کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں کوروناوائرس کی جاریہ صورتحال اور حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کیے جارہے تمام ممکنہ اقدامات سے واقف کروایا تھا!
بتایا جاتا ہے کہ چیف سیکریٹری تلنگانہ سومیش کمار کوویڈ ویکسین کا پہلا ٹیکہ بھی لے چکے ہیں۔
یاد رہے کہ یکم اپریل سے 30 اپریل تک تلنگانہ میں رات کے لاک ڈاؤن کا ایک فرضی جی او چیف سیکریٹری سومیش کمار کے نام سے سوشیل میڈیا پر وائرل کیا گیا تھا جس کے بعد کل ہی اس فرضی جی او کوپھیلانے والے سنجے کمار کو حیدرآباد پولیس اور سائبرکرائم برانچ نے تیزرفتار تحقیقات کے بعد گرفتار کرلیا۔
ریاست میں کورونا وائرس کی روک تھام کی غرض سے حکومت تلنگانہ نے 27 مارچ کو G.O.MS.:NO: 68 جاری کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں عوامی مقامات،کام کی جگہوں اور پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم میں سفر کے دؤران ” ماسک ” پہننے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔
اور 27 مارچ کو ہی حکومت تلنگانہ نے جی او،ایم ایس نمبر 69 جاری کرتے ہوئے ریاست میں تمام سیاسی ،سماجی اور مذہبی اجتماعات ریالیوں، جلسوں اور جلوسوں پر30 اپریل تک پابندی عائد کردی ہےاور انتباہ دیا گیا ہے کہ خلاف ورزی پر سیکشن 51 تا 60 ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005ء اورآئی پی سی کی دفعہ 188کے تحت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

