دوبیٹوں نے اپنے ضعیف باپ کو اننت گیری ہلز کے جنگل میں لاکر چھوڑ دیا

ریاستی خبریں قومی خبریں

تھک کر پڑاؤ ڈالا تو خیمے اکھڑگئے

دوبیٹوں نے اپنے ضعیف باپ کو اننت گیری ہلز کے جنگل میں لاکر چھوڑ دیا

وقارآباد۔6۔اپریل
(سحر نیوزڈاٹ کام/خصوصی رپورٹ)

باپ! ساری زندگی بناء کسی لالچ اور امید کہ اپنے بچوں کو بہتر زندگی دینے کیلئے خود دن رات محنت کرتا ہے اور اپنا پیٹ کاٹ کاٹ کر،اپنی خواہشات کا گلا گھونٹ کر اپنے بچوں کوہر وہ چیز فراہم کرتا ہے جس کی خواہش یا ضد اسکے بچے کرتے ہیں ساتھ ہی اپنے بچوں کی بہتر تربیت اور تعلیم کے ذریعہ سماج میں ایک بہتر انسان بناکر کھڑا کرتا ہے۔
ویسے بھی زیادہ تر والدین کی پہلی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں لڑکے پیدا ہوں تاکہ آگے چل کر ان کی ضعیفی میں ان کی لاٹھی بنیں اور ان کا سہارا ہوں۔
ایسے ہی ایک بد نصیب باپ کیساتھ اس کے بیٹوں نے ایسا برتاؤ کیا کہ جسے پڑھ کر حساس انسان کے رؤنگھٹے کھڑے ہوجائیں اور وہ زندگی بھر یہی دعاء کرے گا کہ اس کی اپنی اؤلاد ہرگز ایسی نہ ہو!

جبکہ اس بدنصیب باپ نے پتہ نہیں اپنے دونوں جوان بیٹوں کو دیکھ کر کتنی حسرتیں اپنے دل میں پالی ہونگی! انہی بیٹوں نے اپنے اس باپ کو چار دن قبل وقارآباد کے قریب موجود اننت گیری ہلز کے گھنے جنگلات میں لاکر چھوڑدیا اس طرح غیر انسانی سلوک تو کوئی اپنے پالتو جانوروں کیساتھ بھی نہیں کرتا!! چار دن قبل پیش آیا یہ واقعہ کل منظر عام پر آیا ہے۔

اس واقعہ کی تفصیلات کے بموجب متحدہ ضلع محبوب نگر کے عالم پلی منڈل کے تحت موجود پولور موضع کے ساکن سوامی 62 سالہ کو دو بیٹے گولا پرمیشا اور گولا راما کرشنا ہیں۔سوامی جس کی بیوی نہیں ہے نے موضع میں موجود اپنی ایک ایکڑاراضی کو فروخت کرکے حیدرآباد کے نارسنگی میں ایک مکان تعمیر کرکے اپنے دونوں بیٹوں گولا پرمیشا اور گولا راما کرشنا کیساتھ مقیم تھا سوامی نے اپنے دونوں بیٹوں کی شادیاں بھی کروائیں اسکے دونوں بیٹے ایک خانگی کمپنی میں ملازمت کرتے ہیں جبکہ سوامی کی دو بہوئیں ٹیچر کی ملازمت کرتی ہیں۔

سوامی اسکے بیٹوں کی جانب سے کیے گئے غیر انسانی واقعہ بیان کرتے ہوئے۔

دونوں بیٹوں کو اپنے باپ سوامی پر غصہ تھا کہ وہ ہر چھوٹی موٹی بات پر انکی بیویوں کو ٹوکتا رہتا ہے۔
ان دونوں ظالم اور نافرمان بیٹوں گولا پرمیشا اور گولا راما کرشنا نے بالآخر طئے کیا کہ اپنے اس باپ کو کسی ایسے دور دراز مقام پر چھوڑآئیں گے جہاں سے زندگی بھر یہ واپس اپنے گھر نہ آئے۔

چار دن قبل اسی منصوبے کے تحت دونوں بیٹوں گولا پرمیشا اور گولا راما کرشنا نے اپنے باپ سوامی کو موٹرسیکل بٹھاکر نارسنگی سے روانہ ہوئے اور وقارآباد سے 6 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود ڈھائی ہزار ایکڑ پر محیط اننت گیری ہلز کے گھنے جنگلات میں اپنے باپ سوامی کو تن تنہا چھوڑکر چلے گئے۔ساتھ ہی اپنے بدنصیب ضعیف باپ کو یہ دھمکی بھی دی کہ اگر اس نے کسی کو بھی کچھ بتایا تو وہ اس کو قتل کردیں گے۔

اننت گیری ہلز

بیٹوں کی دھمکی سے خوفزدہ جنگل میں بھٹکنے کے بعد پریشان حال باپ سوامی اننت گیری ہلز کی سڑک پر آکر پیدل چلتے ہوئے وقارآباد کی سمت چل پڑا وقارآباد کی عدالت کے قریب پہنچ کر سوامی نے ایک ہوٹل مالک محمد غوث سے پینے کیلئے پانی طلب کیا سوامی کے پھٹے پرانے کپڑے ، بھوک سے نڈھال اور پریشان حال دیکھ کر ہوٹل مالک محمد غوث نے سوامی کو اپنی ہوٹل میں بٹھاکر پیٹ بھر کھانا بھی کھلایا اسکے بعد محمد غوث نے سوامی سے پوچھا کہ وہ کہاں کا ہے اور کیوں ایسا گھوم رہا ہے؟ محمد غوث نے سوامی سے پورا قصہ سن کر اپنی ہوٹل میں تین دن تک اس کو پناہ دیتے ہوئے اس کی دیکھ بھال کی۔

وقارآباد میں محمد غوث کی ہوٹل میں ضعیف باپ سوامی۔

کل رات ہوٹل کے ایک گاہک نے پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع دی تو سب انسپکٹر پولیس وقارآباد کوٹیشورراؤ نے سوامی کو طلب کرکے اس سے سارے واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں۔سوامی کا بیان درج کرنے کے بعد سب انسپکٹر نے سوامی کو وقارآباد کے مہیتا منسٹریس اولڈ ایج ہوم پہنچایا۔

اس سلسلہ میں ڈی ایس پی وقارآباد سنجیوا راؤ نے کہا ہے کہ اس ضعیف باپ سوامی کے دونوں بیٹوں کو وقارآباد طلب کیا جائے گا اور انکے خلاف کیس درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ضعیف باپ سوامی اسکے ساتھ گزرنے والا واقعہ بیان کرتے ہوئے (ویڈیو)

گزارش : "سحرنیوز ڈاٹ کام کے اس یوٹیوب چینل کو سبسکرائب اور لائیک کرکے اردو کی ترقی و ترویج کا حصہ بنیں"

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے