وقارآباد ضلع میں دوکمسن لڑکیوں کی مشتبہ حالت میں موت
ماں ہسپتال منتقل،کھانے میں زہر کے ذریعہ خودکشی یا قتل!!
وقارآباد:18۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع کے مومن پیٹ منڈل میں دو معصوم لڑکیوں کی مشتبہ حالت میں ہونے والی موت سے سنسنی پیدا ہوگئی ہے جبکہ ان لڑکیوں کی ماں کو نیم بیہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق تانڈور منڈل کے اُدنڈا پور کا ساکن جوڑا سبھاش اور منجولہ پولٹری فارم میں ملازمت کی غرض سے وقارآباد ضلع کے مومن پیٹ منڈل میں موجود ٹیکولا پلی موضع منتقل ہوئے تھے۔جہاں وہ ایک پولٹری فارم میں ملازمت کرتے ہوئے ایک مکان میں مقیم تھے اس جوڑے کو تین لڑکیاں ہیں۔
اسی دؤران آج اس جوڑے کے مکان میں ان کی دو لڑکیوں میتھیلی (2 سالہ) اور مہیشوری (15 ماہ) کی نعشیں مشتبہ حالت میں پائی گئیں جبکہ ماں منجولہ بھی نیم بیہوشی کی حالت میں پائی گئی جسے منجولہ کی ماں اور دیگر افراد نے پرائمری ہیلتھ سنٹر پھر وہاں سے وقارآباد کے گورنمنٹ ایریا ہسپتال منتقل کیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔

اس واقعہ کے متعلق شبہ کیا جارہا ہے کہ گھریلو جھگڑوں سے تنگ ماں نے کھانے میں جراثیم کش ادویہ ملاکر ان دونوں لڑکیوں کو کھلادیا اور خود بھی کھاگئی! جس کے بعد ان دونوں معصوم لڑکیوں کی موت ہوگئی۔
وہیں اس موضع میں یہ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ماں منجولہ اور دونوں بیٹیوں میتھیلی اور مہیشوری کو ان کے باپ سبھاش اور ماں منجولہ نے ہی کھانے میں جراثیم کش ادویہ ملاکر دی ہوں گی؟ یا پھر یہ اجتماعی خودکشی کا واقعہ ہوسکتا!
اس سلسلہ میں سرکل انسپکٹر پولیس مومن پیٹ وینکٹیشورلو ایک کیس درج رجسٹر کرکے مصروف تحقیقات ہیں۔
اس واقعہ کے بعد موضع کے ساتھ ساتھ مومن پیٹ منڈل اور وقارآباد ضلع میں سنسنی پھیل گئی ہے۔اس افسوسناک واقعہ کی مکمل تفصیلات کا انتظار ہے۔

