حیدرآباد میں خوفناک سڑک حادثہ، تین ہلاک
تیز رفتار کار درخت سے ٹکراکر دوحصوں میں تقسیم ہوگئی
حیدرآباد: 18۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد میں آج صبح پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں ایک تیز رفتار کار درخت سے ٹکراگئی اس حادثہ میں تین افراد جائے حادثہ پر ہی ہلاک ہوگئے اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔گچی باؤلی میں حیدرآباد یونیورسٹی کے قریب آج ہفتہ کی صبح کی اولین ساعتوں میں ساڑھے تین بجے پیش آیا ہے۔
اس حادثہ میں کار چلارہے وجئے واڑہ کے متوطن عبدالرحیم جن کی شناخت Axis Bank مادھاپور،حیدرآباد کے ملازم کی حیثیت سے کی گئی ہے۔جبکہ اس حادثہ میں دو لڑکیاں بھی ہلاک ہوئی ہیں جن کی شناخت ایم۔ماناسا 21 سالہ اور این۔ماناسا 23 سالہ جو کہ امیر پیٹ کے ہاسٹل میں مقیم تھیں کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ایم۔ماناسا کا تعلق محبوب نگر ضلع سے اور این۔ماناسا کا تعلق کرناٹک سے تھا۔
وہیں حادثہ کا شکار شدید زخمی سائی سدھو کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ کار درخت سے ٹکراکر دو حصوں میں تقسیم ہوکر تباہ ہوگئی اور درخت کو بھی نقصان پہنچا جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کار کی رفتار کیا تھی؟

اس حادثہ کی مہلوک دونوں لڑکیاں اور زخمی سائی سدھو فلم اور ٹی وی کے جونیئر آرٹسٹ بتائے گئے ہیں۔ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے بتایا ہے کہ نشہ کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے سے یہ خوفناک حادثہ پیش آیا ہے!
بتایا جارہا ہے کہ صبح شوٹنگ کی غرض جانے کے لیے یہ دونوں لڑکیاں رات ہی امیر پیٹ سے سائی سدھو کے مکان واقع جے وی کالونی پہنچی تھیں جہاں ان چاروں نے شراب نوشی کی۔اس کے بعد یہ چاروں چائے پینے کی غرض سے کارنمبر TS 07 UH 1349 کے ذریعہ لنگم پلی میں موجود الئینڈ کمپنی کی جانب جارہے تھے کار ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور درخت سے ٹکراگئی۔
اس حادثہ کی اطلاع کے فوری بعد پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور بچاؤ کام انجام دئیے۔شدید زخمی سائی سدھو کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ بعد پنچنامہ مہلوک عبدالرحیم،ای،۔ماناسا اور این۔ماناسا کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کی غرض سے عثمانیہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
اس سلسلہ میں پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات میں مصروف ہے۔اس حادثہ کے متعلق کئی سوالات گشت کررہے ہیں یہ چاروں اتنی رات کو کیوں مکان سے روانہ ہوئے اور کہاں جارہے تھے؟ اور کیوں سائی سدھو کے مکان میں یہ چاروں جمع ہوئے تھے؟ پولیس اس سلسلہ میں تمام زاویوں سے تحقیقات میں مصروف ہے۔
یہ خوفناک حادثہ اور تین جانوں کا ضائع ہونا ان کار مالکین بالخصوص نوجوان طبقہ کے لیے ایک سبق ہے جو نشہ کی حالت میں یا پھر جوش میں کاروں کو تیز رفتار چلانے کو ایک فیشن سمجھتے ہیں!!

