وقارآباد ضلع کے تانڈور میں 11 سالہ لڑکی کورونا سے متاثر
جاریہ ماہ کوویڈ متاثرین کی تعداد تین ہوگئی
وقارآباد/تانڈور: 18۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن میں ایک 11 سالہ لڑکی کے کوروناوائرس سے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔اس طرح جاریہ ماہ تانڈور ٹاؤن میں اب تک تین کورونا وائرس کے پازیٹیوکیس ریکارڈ ہوئے ہیں۔
وقارآباد ضلع کے بشمول حلقہ اسمبلی تانڈور میں چند ماہ سے کورونا وائرس قابو میں تھا اور اس کے متاثرین کی تعداد ریکارڈ نہیں ہورہی تھی لیکن جاریہ ماہ تشویشناک طور پر تانڈور میں جملہ تین کورونا وائرس کے کیس درج ہوئے ہیں۔اس ماہ کے اوائل میں شاہی پور کی ساکن ایک خاتون اور 15 ڈسمبر کو اندرماں کالونی ساکن ایک خاتون کورونا وائرس سے سے متاثر ہوئی تھیں۔
آج درج ہونے والے کورونا وائرس پازیٹیو کے تیسرے کیس کی گورنمنٹ ضلع ہسپتال تانڈور کے پی پی یونٹ کے انچارج ڈاکٹر بھاسکر نے تصدیق کی ہے۔
تانڈور ٹاؤن کی یشودھا نگر کالونی کی ساکن ایک 11 سالہ لڑکی جو کہ مقامی چیتینا ٹیکنو اسکول کی چھٹی جماعت کی طالبہ ہے۔چند دن قبل اس لڑکی کی طبعیت خراب ہوئی تھی جس پر افراد خاندان نے چند ہسپتالوں میں اس لڑکی کا علاج کروایا۔
اسی دؤران اس لڑکی میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد کل 17 ڈسمبر کو اس کا اینٹی جین Antigen tests ٹسٹ کیا گیا جس کی رپورٹ نگیٹیو آئی۔
تاہم کوویڈ کی علامات کم ہونے پر اس لڑکی کا آر ٹی پی سی آر RT PCR ٹسٹ کروایا گیا تو اس کی رپورٹ پازیٹیو آئی۔جس کے بعد اس لڑکی کو مکان میں قورنطین کردیا گیا۔
دوسری جانب محکمہ صحت کے عہدیداروں نے اس لڑکی کے اسکول پہنچ کر تفصیلات حاصل کیں تو انہیں بتایا گیا کہ جس دن سے اس طالبہ کی طبیعت خراب ہوئی ہے اس دن سے وہ اسکول میں حاضر نہیں ہوئی۔عہدیداروں نے جائزہ لیا تو اس اسکول کے کسی بھی طالب علم میں کوئی علامات واضح نہیں ہوئیں۔
دوسری جانب تانڈور میں جاریہ ماہ کورونا متاثرین کی بڑھتی تعداد کی اطلاع کے بعد عوام میں تشویش کی لہر پیدا ہوئی ہے!

اب تانڈور کے عوام کے لیے انتہائی لازمی ہوگیا ہے کہ وہ تمامتر احتیاطی اقدامات کو یقینی بنائیں اور کوویڈ قواعد پرسختی کے ساتھ عمل کو یقینی بنائیں۔کام کے مقامات پر اور عوامی مقامات پر لازمی طور پر ماسک پہنا جائے،عوامی مقامات،مجمع سے دور رہیں اور ساتھ ہی انسانی فاصلہ کا خاص رکھیں۔

