صدرنشین بلدیہ تانڈور کے استعفیٰ اور عہدہ کی منتقلی کے لیے دو دن کی مہلت
ورنہ نتائج ٹھیک نہیں ہوں گے،ایم ایل سی مہیندرریڈی پر معاہدہ کی خلاف ورزی کاالزام
رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی پریس کانفرنس
وقارآباد/تانڈور: 29۔جولائی(سحرنیوز ڈاٹ کام)
پائلٹ روہت ریڈی رکن اسمبلی تانڈور نے آج رکن قانون سازکونسل متحدہ ضلع رنگاریڈی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی کو صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل کو ازروئے معاہدہ عہدہ سے ہٹانے اور اس عہدہ کو موجودہ نائب صدرنشین بلدیہ پٹلولا دیپا نرسملو کومنتقل کرنے کے لیے دو دنوں کی مہلت دی ہے۔رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ رکن قانون سازکونسل ایک سینئر سیاستداں اور ذمہ دار عہدہ پر رہتے ہوئے اپنی ہی جانب سے کیے گئے وعدے سے مکر رہے ہیں اور وعدہ خلافی کے ذریعہ پارٹی کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی آج وقارآباد ضلع کے تانڈور میں موجود ایم ایل اے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ جس میں نائب صدرنشین بلدیہ دیپا نرسملوکے علاوہ ٹی آرایس پارٹی کے ارکان بلدیہ محمد مختار احمد ناز،محمد آصف،محمد اسلم،منکال راگھویندر، سندولا لتا،ایرم وسنت،بھیم سنگھ راتھوڑ،سنگیتاٹھاکر،اشونی گنڈپا،معاون رکن بلدیہ سارنگاوجئے کےبشمول ٹی آر ایس پارٹی قائدین ڈاکٹرسمپت کمار، پٹلولا نرسملو،سرینواس چاری،نریندرگوڑ اور دیگر موجود تھے۔
رکن اسمبلی نے رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی کو دو دنوں کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ ان دو دونوں میں تاٹی کونڈا سواپنا پریمل کو ازروئے معاہدہ عہدہ سے ہٹایا جائے اور یہ عہدہ نائب صدرنشین بلدیہ پٹلولا نرسملو کے حوالے کیا جائے۔ساتھ ہی رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ورنہ اس کے نتائج ٹھیک نہیں ہوں گے اور صدرنشین بلدیہ کو اس عہدہ سے ہٹا کر دیپا نرسملو کے حوالے کرنے کے لیے وہ کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیارہیں۔
اس پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ جنوری 2020ء میں صدرنشین بلدیہ تانڈور کے عہدہ کے حصول کے لیے تاٹی کونڈاسواپنا پریمل اور پٹلولا دیپانرسملو کےدرمیان سخت مسابقت جاری تھی کہ رکن قانون سازکونسل ڈاکٹر پی۔مہیندر ریڈی نے ڈھائی،ڈھائی سالہ معاہدہ پیش کیا۔جن کے معاہدہ اور مشورہ کواس وقت عزت دیتے ہوئے ریاستی وزیر تلسانی سرینواس یادو اور رکن قانون ساز کونسل نوین راؤ کی موجودگی میں اس تحریری معاہدہ کو قبول کرلیا گیا تھا۔
رکن اسمبلی نے بتایا کہ چند دن قبل انہوں نے رکن قانون ساز کونسل کو فون کرتے ہوئے بتایا کہ معاہدہ کے تحت صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل کی میعاد 27 جولائی کوختم ہورہی ہے لہذایہ عہدہ ازروئے معاہدہ نائب صدرنشین بلدیہ پٹلولا دیپا نرسملو کو منتقل کیا جائے۔جس پر انہوں نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ 27 جولائی کو عہدہ کی تکمیل کےبعد فون کرنے پر رکن قانون ساز کونسل کا رویہ معاندانہ ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ رکن قانون ساز کونسل پی۔مہیندرریڈی جان بوجھ کر صدرنشین بلدیہ کوعہدہ سے ہٹانے کے لیےتیار نہیں ہیں۔انہوں نے استفسار کیا کہ صدرنشین بلدیہ اور ان کے شوہر باقاعدہ اعلان کرررہے ہیں کہ وہ عہدہ نہیں چھوڑیں گے تو رکن قانون ساز کونسل خاموش کیوں ہیں؟

رکن اسمبلی نے کہا کہ اس معاملہ میں بات کرنے کے لیےجب وہ رکن قانون ساز کونسل کو فون کررہے ہیں تو وہ ان سے فون پر بات کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں اور نہ ہی ان کا کال ہی اٹھارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس بات سے وہ ریاستی وزرا پی۔سبیتا اندراریڈی اور تلسانی سرینواس یادو کو واقف کرواچکے ہیں۔رکن اسمبلی نے کہا کہ رکن قانون ساز کونسل ان وزرا کے فون بھی اٹھاکر بات کرنے تیار نہیں ہیں۔
اس پریس کانفرنس میں رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کہاکہ چونکہ وزیراعلیٰ کے سی آر دہلی کے دؤرہ پر ہیں اور کارگزار صدر ٹی آرایس و ریاستی وزیر کے ٹی آر ان کے پیر میں فریکچر کی وجہ سے گھر پر آرام کررہے ہیں اس لیے اس معاملہ کو ان سے رجوع کرنے میں تاخیر ہورہی ہے۔

