رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی سویڈن یونیورسٹی کی ایم ایس کی ڈگری رکھتے ہیں

ضلعی خبریں

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی سویڈن یونیورسٹی کی ایم ایس کی ڈگری رکھتے ہیں

کانگریسی قائدین کے الزامات مضحکہ خیز ، ٹی آرایس قائدین کی پریس کانفرنس،سخت برہمی

وقارآباد/تانڈور۔22۔مارچ (سحر نیوزڈاٹ کام)
صدر کانگریس ضلع وقارآباد و سابق رکن اسمبلی پرگی ٹی۔ رام موہن ریڈی نے آج دوپہر وقارآباد میں ایک پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا تھا کہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی گرائجویٹ ہی نہیں ہیں تو پھر کس طرح انہوں نے 14 مارچ کی رائے دہی میں حصہ لیتے ہوئے ووٹ ڈالا؟

ایم ایل سی حلقہ گرائجویٹ حیدرآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگرسے شکست خوردہ کانگریسی امیدوار جی۔ چنا ریڈی ،انچارج کانگریس حلقہ اسمبلی تانڈور ایم ۔ رمیش اور دیگر کانگریسی قائدین کیساتھ میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر کانگریس ضلع وقارآباد ٹی۔رام موہن ریڈی نے چند دستاویزات دکھاتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی ہندوستان میں انٹر میڈیٹ کی تکمیل کے بعد پائلٹ کی تربیت حاصل کرنے کیلئے امریکہ گئے تھے۔جہاں انہیں ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ فیڈرل ایوی ایشن اڈمنسٹریشن (ایف اے اے) یونائیٹڈ اسٹیٹ آف امریکہ کی جانب سے سنگل انجن کا طیارہ اڑانے کا لائسنس جاری کیا گیاتو کس بنیاد پر انہوں نے گرائجویٹ کی حیثیت سے ووٹ ڈالا؟
(اس خبر سے متعلق لنک نیچے موجود ہے، تفصیلی خبر پڑھی جاسکتی ہے)

تانڈور میں منعقدہ ٹی آر ایس قائدین کی پریس کانفرنس۔

اس سلسلہ میں آج شام تانڈور میں ٹی آرایس قائدین نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر کانگریس ضلع وقارآباد و سابق رکن اسمبلی پرگی ٹی۔رام موہن ریڈی کے الزام کو مضحکہ خیز قراردیتے ہوئے مسترد کردیا ہے اور کہا کہ کانگریسی قائدین بناء کسی تحقیق اور تجربہ کے ایسا الزام عائد کرتے ہوئے خود اپنی اہمیت کو گھٹا رہے ہیں اور عوام میں گھٹتی ہوئی اپنی مقبولیت کے باؤجود بھی کانگریسی قائدین سبق حاصل کرنے تیار نہیں ہیں۔

سابق رکن بلدیہ محمد عرفان پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔نائب صدر نشین بلدیہ اور دیگر ٹی آرایس قائدین بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔(ویڈیو)

اس پریس کانفرنس میں موجود نائب صدرنشین بلدیہ دیپا نرسملو، سابق رکن بلدیہ محمدعرفان،ٹی آرایس قائدین ایم اے نعیم افو،نرسملو،سرینواس چاری اور دیگر نے صدر کانگریس ضلع وقارآباد و سابق رکن اسمبلی پرگی ٹی۔رام موہن ریڈی کے الزام کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے امریکہ میں پائلٹ کی تربیت کیساتھ ساتھ سویڈن یونیورسٹی سے ” ایم ایس ،ای ای (ماسٹر ان الیکٹریکل انجینئرنگ) کی تکمیل کی ہے۔

اور اسی ڈگری کی بنیاد پر انہوں نے حلقہ گرائجویٹ کے رائے دہندہ کے تحت اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔ان ٹی آرایس قائدین نے کہا کہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فہرست رائے دہندگان میں بھی ایم ایس ،ای ای کی ڈگری کی بنیاد پر ہی شامل کیا گیا ہے۔

اس پریس کانفرنس میں ٹی آرایس قائدین نے رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کے حق رائے دہی پر مشتمل الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئیں تفصیلات کی نقل بھی پیش کی۔

نائب صدر نشین بلدیہ دیپا نرسملو، سابق رکن بلدیہ محمد عرفان ، ٹی آرایس قائدین ایم اے نعیم افو، نرسملو ، سرینواس چاری اور دیگر نے کہا کہ اس حقیقت سے ناواقف اور ایم ایل سی انتخابات میں کانگریسی امیدوار شکست فاش سے دلبرداشتہ کانگریسی قائدین اپنا ذہنی توازن کھوبیٹھے ہیں اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کیخلاف اس طرح کا الزام عائد کررہے ہیں۔

اس پریس کانفرنس میں ٹی آرایس قائدین عبدالرزاق، معز خان، سنتوش گوڑ، نارائن ریڈی اور دیگر موجود تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

رکن اسمبلی تانڈور روہت ریڈی نے پائلٹ کی ڈپلومہ سند پرگرائجویٹ کا بوگس ووٹ ڈالا ہے